قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، 30 سال پرانا قبضہ واگزار، اراضی اصل مالک سید اظہر علی رضوی کے حوالے
کئی دہائیوں بعد انصاف ملا, سید اظہر علی رضوی کا وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر سے اظہار تشکر
اوچشریف (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے واضح اور دو ٹوک ویژن کے مطابق ضلع بہاولپور میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی تسلسل میں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر کی سربراہی میں ایک بڑی کارروائی اوچ شریف کے نواحی علاقے نور پور جدید میں عمل میں لائی گئی، جس کے دوران 30 سال سے زائد عرصہ سے قابض قبضہ مافیا سے قیمتی اراضی واگزار کرا کے اصل مالک سید اظہر علی رضوی کے حوالے کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ اراضی پر طویل عرصہ سے بااثر ناجائز قبضہ مافیا نے قبضہ جما رکھا تھا، جس کے باعث اصل مالک کو شدید مشکلات اور قانونی پیچیدگیوں کا سامنا تھا۔ متعدد بار شکایات اور درخواستوں کے باوجود سابقہ ادوار میں کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی، تاہم موجودہ صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت ضلعی انتظامیہ نے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا۔ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر پٹواری نعمان اقبال گرداور پولیس اور متعلقہ محکموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر مکمل قانونی کارروائی کے بعد ناجائز قبضہ ختم کروایا۔ کارروائی کے دوران کسی قسم کے دباؤ یا سفارش کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا اور اراضی باقاعدہ تحویل میں لے کر اصل مالک سید اظہر علی رضوی کے حوالے کر دی گئی۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح پیغام ہے کہ صوبے بھر میں قبضہ مافیا، لینڈ گریبروں اور قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ عوام کی جائز ملکیت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایسے عناصر جو کمزور شہریوں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کیے بیٹھے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اراضی کی واگزاری کے بعد سید اظہر علی رضوی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی دہائیوں بعد انصاف ملا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت کے دور میں دیگر متاثرہ افراد کو بھی ان کا حق ملے گا۔علاقہ مکینوں اور شہری حلقوں نے بھی ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی بہترین مثال قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں تو نہ صرف قبضہ مافیا کا خاتمہ ممکن ہوگا بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا

