چنی گوٹھ اور چولستان کے وسیع علاقوں میں مویشیوں میں لمپی سکن بیماری

متعدد دیہات میں وبا کی شکل اختیار کر گئی، سینکڑوں قیمتی جانور ہلاک ہونے سے کسان اور چرواہے سخت پریشانی میں مبتلا ہوگئے
چنی گوٹھ(نامہ نگار)چنی گوٹھ اور چولستان کے وسیع علاقوں میں مویشیوں میں لمپی سکن بیماری تیزی سے پھیلنے لگی، متعدد دیہات میں وبا کی شکل اختیار کر گئی، سینکڑوں قیمتی جانور ہلاک ہونے سے کسان اور چرواہے سخت پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق چنی گوٹھ، اور چولستانی علاقوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے مویشیوں میں لمپی سکن وائرس کا حملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ بیماری کے باعث گائے کی جلد پر گانٹھیں بننے، بخار، جسم پر زخم اور بھوک ختم ہونے کی شکایات عام ہو گئی ہیں۔ وبا سے متاثرہ جانوروں کی بڑی تعداد علاج نہ ملنے کے باعث ہلاک ہو چکی ہے، جس سے کاشتکار طبقہ کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں اور مویشی پال کسانوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں تاحال کئی متاثرہ دیہات تک نہیں پہنچ سکیں، ویکسین اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت جانوروں کا علاج کروانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر مہنگی دواؤں کے باعث وہ بے بس ہو چکے ہیں۔سماجی اور عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ لائیو اسٹاک اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر ویکسینیشن مہم شروع کی جائے، فیلڈ ٹیموں کو چولستان کے دور دراز علاقوں میں بھیجا جائے اور متاثرہ کسانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔