گندم کا موجودہ سرکاری ریٹ کسانوں کا معاشی قتل ہے, اسمبلیوں میں آواز اٹھائی جائے عارف عزیز شیخ

حکومتی کسان کش پالیسیوں سے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی سابق ایم این اے کی کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا ، حکومتی کسان کش پالیسیوں سے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ گندم کا موجودہ سرکاری ریٹ کسانوں کا معاشی قتل ہے اس پر اسمبلیوں میں آواز اٹھائی جائے ، عارف عزیز شیخ نے کہا کہ زراعت ایک شعبہ ہے جو ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے مگر افسوس اس شعبے کو بھی تباہ کیا جا رہا ہے ، جب ملک کا کسان خوشحال نہیں ہو گا تو ملک کیسے ترقی کرے گا ، سابق ایم این اے نے کہا کہ حکومت نے گندم کا سرکاری ریٹ جو رکھا ہے اس سے تو کسانوں کے اخراجات ہی پورے نہیں ہوتے ، مہنگی بجلی ، کھاد ، ڈیزل زرعی ادویات گندم کی فصل پر اٹھنے والے یہ بھاری اخراجات کسان کیسے پورے کرے گا ، انہوں نے کہا کہ کسانوں پر یہ ظلم بند کیا جائے اور عوامی نمائندے اسمبلیوں میں بھرپور آواز اٹھائیں ۔