پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن ضلع بہاولپور، بہاولنگراور رحیم یار خان کے چولستان علاقوں میں مزید 113نئے سکول کھولنے جارہا ہےمینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن منظر جاوید علی
لاہور30اگست 2023…گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے زیر اہتمام لٹریٹ چولستان پروجیکٹ 2 کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب محمد احسن وحید ، چئرمین پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن ڈاکٹر سعید شفقت ، مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن منظر جاوید علی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، طلعت نصیر پاشا اور دیگرسینئر افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ تعلیم خوشحال مستقبل اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضامن ہے۔ تعلیم ہی وہ راستہ ہے جس سے قومیں ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل تعریف امر ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں علم کی شمع روشن کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا پہلو بہت اہم ہے۔ تحقیق کرنا اور سنی سنائی بات پر یقین نہ کرنا بھی تعلیم کا حصہ ہے۔ ایک تعلیم یافتہ شخص نہ خود بغیر تحقیق کے سنی سنائی بات پر یقین کرتا ہے اور نہ ہی آگے پھیلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی خبروں اور معلومات کی خاص طور پر تحقیق کرنا بہت ضروری ہے۔ایک وقت تھا جب مسلمانوں نے تعلیم، سائنس اور تحقیق میں پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا۔ لیکن آج تحقیق میں بہت پیچھے رہ گئے ،بہتری کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سب سے بہترین سرمایہ کاری بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ہے۔ ہمارے مذہب میں تعلیم فرض ہے۔ ہمارا آئین بھی لازم قرار دیتا ہے کہ ہر بچے کو تعلیم دینا لازم ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن (پیف)اچھا کام کر رہا ہے۔دور دراز علاقوں میں تعلیم کی روشنی پھیلا رہا پے۔ پیف کی فنڈنگ اور بچوں کو اعزازیہ بڑھانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پیف کا بہترین دور 2008سے 2018 تک ہے، لیکن اس کے بعد پیف کے فنڈز میں کمی کی گئی۔ گورنر پنجاب نے مذید کہا کہ 2018 کے بعد عوامی فلاح و بہبود کے کئی چلتے ہوئے منصوبوں کو روک گیا۔ امید ہے بہتری کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں سے باہر بچے اہم مسئلہ ہے، 2018 تک سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں بتدریج کمی ہوئی تھی لیکن بدقسمتی سے 2018 کے بعد سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں پریشان کن حد تک اضافہ ہوا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی کے ثمرات نو جوان طلبا اور طلبات کے سنہرے مستقبل سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچے پڑھیں گے، آگے بڑھیں گے تو پاکستان کا آنے والا کل آج سے بہتر اور خوشحال ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایجوکیشن فائونڈیشن پاکستان میں ایک روشن مینار کی طرح طلبا اور طالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی طرف سے کم مراعات یافتہ طلبا کی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ طلبا تعلیم حاصل کرنے کے بعد معاشرے میں اہم اور قابل قدر مقام حاصل کر سکیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مجھے یہ جان کربڑی خوشی اور مسرت محسوس ہورہی ہے کہ پیف چولستان ان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں نئے سکول کھول رہا ہے جہاں بچے تعلیم سے محروم تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیف چولستان کے صحرائی علاقوں میں ایک نئی امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج یہ سکول نسبتا کم وسائل کے حامل اور چھوٹے چھوٹے امید کے دیے نظر آتے ہیں مگر میرا ایمان ہے کہ ان سکولوں کے بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہت سے مسائل اور کمیاں ہیں لیکن اس کے باوجود ہمارا معاشرہ دنیا کے کئی ممالک سے بہتر ہے۔ ایدھی ایمبولینس نیٹ ورک دنیا کا پرائیویٹ ایمبولینس کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے ۔ ہمیں اپنے معاشرے کے ہر روشن اور مضبوط پہلو دکھانے کی ضرورت ہے کیونکہ صرف کمیاں اور خرابیاں دکھانے سے معاشرے میں لوگوں اور خاص طور پر نوجوان نسل میں مایوسی پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیف اور اس جیسے اور ادارے جو اچھا کام کر رہے ہیں وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا کام لوگوں تک پہنچائیں تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ معاشرے میں مثبت کام بھی ہو رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن منظر جاوید علی نے کہا کہ لٹریٹ چولستان پروجیکٹ فیز 2میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ چولستان کے صحرائی علاقوں میں بھی علم کی شمع کو روشن کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے علاقے جہاں تعلیم کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ان علاقوں میں پیف چولستان کمیونٹی سکولوں اور چولستان موبائل سکولوں کے ذریعے 9 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیم فراہم کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چولستان کے علاقوں میں پڑھنے والے بچوں کو نصابی کتب کے ساتھ ساتھ سٹیشنری بھی پیف کی طرف سے دی جاتی ہے تاکہ ان بچوں کی تعلیم میں کوئی بھی رکاوٹ نہ آسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن ضلع بہاولپور، بہاولنگراور رحیم یار خان کے چولستان علاقوں میں مزید 113نئے سکول کھولنے جارہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے سکول مالکان میں پیف کے ساتھ معاہدہ شراکت داری کی کاپیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے سکول مالکان کو مبارکباد پیش کی اور کہا یہ تمام سکول مالکان حکومت پنجاب کے شانہ بشانہ دور دراز علاقوں میں تعلیم کی شمع روشن کرنے میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں گے اور ملک کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔