انسداد چائلڈ لیبر مہم کا آغاز 6ایف آئی آرز کا اندراج 7بچے بازیاب کرا کر محکمہ تعلیم کو ریفر : ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب راشد کمال الرحمن

بہاول پور:7/ستمبر : ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر بہاول پور ڈویژن ملک محمد فاروق نے کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت، مناسب نگہداشت اور تعلیم و تربیت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری محکمہ محنت و انسانی وسائل حکومت پنجاب فیصل فرید اور ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب راشد کمال الرحمن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے حوالہ سے آگاہی اور انسداد چائلڈ لیبر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں جامع حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس کے تحت چائلڈ لیبر کرنے والے بچوں کو محکمہ تعلیم کے ذریعے سکولوں میں داخل کرایا جائے گا تاکہ تعلیم حاصل کر کے یہ بچے معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے نتیجہ میں اب تک 6ایف آئی آرز کا اندراج کرایا گیا ہے اور 7بچوں کو بازیاب کرا کر محکمہ تعلیم کو ریفر کیا گیا ہے۔ اس مہم کے خاطر خواہ نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور چائلڈ لیبر کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے تاہم مطلوبہ اہداف کے حصول تک مہم جاری رہے گی۔