لاہور: مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کی طرف جانے والے راستوں سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے
مولانا فضل الرحمان چوہنگ میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک دوست کے گھر میں موجود ہیں
لاہور میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کی طرف جانے والے راستوں سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان چوہنگ میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک دوست کے گھر میں موجود ہیں۔ انہوں نے کل لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرنا تھا تاہم پولیس نے اس ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے تھے جس سےمولانا فضل الرحمان گھر میں محصور ہوگئے تھے۔
اسی دوران لاہور ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کل 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ درخواست میں آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی اے پی سی میں شرکت کرنا تھی، پولیس نے گھر کی ناکا بندی کر کے ان کی نقل و حرکت محدود کردی۔ درخواست میں کل ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی تاہم جسٹس جواد ظفر آج صبح 9 بجے درخواست پر سماعت کریں گے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ وہ ریاستی حصار میں ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کے کہا کہ’ لاہور بار ایسوسی ایشن میں آل پارٹیز سیمینار کا انعقاد کیا اور مختلف سیاسی قائدین سمیت مجھے بھی وہاں اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا، لیکن مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں،پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں اور ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے‘۔

