برطانیہ کی ملکہ کمیلا اور بادشاہ چارلس سوم کی شادی کے 20 سال مکمل

برطانوی بادشاہ چارلس سوم کینسر سے نبرد آزما ہیں اور ایسے میں ملکہ کمیلا نے ان کا بھرپور ساتھ دیا
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی ملکہ کمیلا اور بادشاہ چارلس سوم کی شادی کو 20 سال مکمل ہوگئے اور اس اہم موقع پر ملکہ نے کچھ خاص باتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ملکہ کمیلا نے رائل رپورٹر رویا نکہا سے گفتگو میں بادشاہ کے ساتھ اپنی 20 سالہ خوشگوار ازدواجی زندگی کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کی بنیاد دوستی، مشترکہ مزاح، اور زندگی کو آسانی سے گزارنا ہے۔ ملکہ کمیلا نے اعتراف کیا کہ دونوں ہی اکثر شاہی خاندان اور ملکی سرگرمیوں کے باعث مصروف رہتے ہیں اور کبھی کبھار تو ملاقات بھی نہیں ہو پاتی ہے لیکن یہی ان کے رشتے میں ہم آہنگی لانے کا ذریعہ بھی ہے۔
ملکہ کمیلا نے اپنے شوہر، بادشاہ چارلس سوم، کے ساتھ تعلق کو بے تکلف انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ بیس سال… کون یقین کرے گا کہ بیس سال ہو چکے ہیں؟ یاد رہے کہ بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کی شادی 9 اپریل 2005 کو ونڈسر گلڈہال میں ایک سادہ سی تقریب میں ہوئی تھی۔ تاہم یہ رشتہ تنازعات کا شکار بھی رہا لیکن اب یہ رشتہ ایک مقبول اور قابل قبول شاہی شراکت میں تبدیل ہو چکا ہے۔ برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کینسر سے نبرد آزما ہیں اور ایسے میں ملکہ کمیلا نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور شاہی فرائض میں مزید فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ بادشاہ کی بیماری کے دوران ملکہ کمیلا کی استقامت اور وفاداری، شاہی خاندان کے لیے امید اور استحکام کی علامت بن چکی ہے