اسلامیہ یونیورسٹی میں قائم خواجہ فرید چیئر کے رکن اورماہر فریدیات مجاہد جتوئی کا اقدام

کلام فرید درست متن اور درست تلفظ کے ساتھ یو ٹیوب پر اپ لوڈ کردیا گیا
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں قائم ہونے والی خواجہ فرید چیئر کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تحریک کی وجہ سے لوگوں میں کلا م فرید تک رسائی کا اشتیاق بڑھاہے۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے خواجہ فرید چیئر کے رکن اورماہر فریدیات مجاہد جتوئی کی طرف سے مکمل دیوان درست متن اور درست تلفظ کے ساتھ یوٹیوب پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔یہ بات نہایت اہم ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ اب کلام فرید پوری دنیا کے شائقین کلام فرید ریسرچ اسکالرز، اساتذہ، طلباء، گلوکاروں، فنکاروں کویوٹیوب پر دستیاب رہے گا۔ یہ کاوش خواجہ غلام فریدکی تحمل، برداشت اور رواداری کی آفاقی تعلیمات کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کر سکے گی۔ دیوان فرید بالتحقیق کے معیاری متن کی تیاری میں 8سال کا عرصہ لگا ہے اور اس کاوش سے کلام فرید تک رسائی پوری دنیا میں ممکن ہو چکی ہے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے خواجہ فرید چیئر کمیٹی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے رکن مجاہد جتوئی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیوان فرید کی یوٹیوب پر موجودگی حضرت خواجہ غلام فرید کی تعلیمات کو قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کریگی اور دنیا کے کسی بھی کونے میں فرید یات پر تحقیق کرنے والے افراد اس سے مستفید ہو سکیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر خواجہ فرید چیئر کو قائم کیا گیا جس کا مقصد حضرت خواجہ غلام فرید کے کلام و تعلیمات کو عالمی سطح پر پھیلانا ہے۔