Advertisements

ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈاکٹر ناصر حمید کی پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ اسٹیج ڈرامہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

Kashmir Exploitation Day Event
Advertisements

بہاول پور 6 / اگست ( ) یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں پنجاب آرٹس کونسل بہاول پور کے زیر اہتمام اسٹیج ڈرامہ”رنگ لائے گا لہو“ پیش کیا گیا جس کی تحریر و ہدایات امجد شانی نے دی تھیں۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز بہاول پور ڈاکٹر ناصر حمید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت عمائدین شہر موجود تھے۔اسٹیج ڈرامے کے فنکاروں میں ارم ایوب عباسی، جمال ناصر، ارم چوہدری، نیاز شاہ، نوید انجم، راشد ملک اور رمضان شامل تھے۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز بہاول پور ڈاکٹر ناصر حمیدنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فنکاروں نے اسٹیج ڈرامہ میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی بہترین انداز میں عکاسی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے چار سال قبل مظلوم کشمیریوں کو ان کی شناخت سے محروم کر دیا گیا تھا۔ ڈاکٹر ناصر حمید نے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی وہ خلاف ورزیاں ہوئیں جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی طاقتوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل بہاول پور سجاد حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر تصاویر کی نمائش، دستاویزی فلم اور ڈرامے کے ذریعے نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو عیاں کیا گیا ہے۔قبل ازیں 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات اور اس کے بعد کشمیر میں ہونے والے مظالم پر مبنی ایک معلوماتی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔