ضلع بہاولپور— کربلا کا پیغام اور مذہبی ہم آہنگی کی روایت
چھ جولائی 2025ء
محرم الحرام کا مہینہ اسلامی سال کا آغاز بھی ہے اور تاریخِ اسلام کا ایک بے مثال اور غم انگیز باب بھی۔ اس مہینے کا دسواں دن، یومِ عاشورہ، وہ دن ہے جس نے کربلا کی سرزمین پر ظلم و باطل کے خلاف حق و صداقت کی لازوال قربانی کا منظر دنیا کے سامنے پیش کیا۔ حضرت سیدنا امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی جانیں قربان کر کے یہ پیغام دیا کہ باطل کے سامنے سر جھکانا مومن کی شان نہیں۔ آج جب ہم یومِ عاشورہ مناتے ہیں، ہمیں صرف مجالس اور جلوسوں تک خود کو محدود نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اس دن کی اصل روح کو سمجھنا اور اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا از حد ضروری ہے۔ کربلا کا واقعہ ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم معاشرے میں عدل، انصاف، صبر، قربانی، اور استقامت کو فروغ دیں۔حضرت سیدنا امام حسینؑ کا پیغام کسی ایک مسلک، فرقے یا قوم کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ بدقسمتی سے ہر سال عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی خدشات، فرقہ وارانہ کشیدگی اور بعض اوقات غیر ضروری انتشار بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس حوالے سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مکمل طور پر الرٹ رہیں، اور تمام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی مذہبی رہنماؤں اور خطبا کو چاہیے کہ وہ اپنے بیانات میں وحدت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، تاکہ کوئی شرپسند عناصر اس موقع کو انتشار پھیلانے کے لیے استعمال نہ کر سکیں۔
ضلع بہاولپور جو کہ جنوبی پنجاب کا ایک تاریخی اور ثقافتی مرکز ہے، ہمیشہ سے اہلِ بیت سے محبت رکھنے والا اور مذہبی رواداری کا گہوارہ رہا ہے۔ یہاں محرم کے جلوس، مجالسِ عزا اور تعزیے صدیوں سے امن، وقار اور نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہوتے آ رہے ہیں۔ سنی، شیعہ، دیوبندی، بریلوی تمام مکاتبِ فکر کے افراد یومِ عاشورہ کے احترام میں متحد دکھائی دیتے ہیں — یہی وہ جذبہ ہے جسے زندہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس بار بھی ضلع بھر میں یومِ عاشورہ کے موقع پر انتظامیہ، پولیس، رضاکار تنظیمیں، سول ڈیفنس، اور بلدیاتی ادارے دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ تمام جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان، صفائی اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمشنر بہاولپورمسرت جبیں ،ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید ,ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق ، اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی جانب سے حساس مقامات پر کڑی نگرانی، سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور سرچ آپریشن جیسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ عوام، بالخصوص نوجوان طبقہ، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد سے اجتناب کرے اور افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے ضلعی انتظامیہ اور معتبر ذرائع سے رہنمائی حاصل کرے۔ امن و اتحاد کا یہی وہ وقت ہے جب ہم سب کو مل کر ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔ ضلع بہاولپور کے علما، مشائخ، خطبا، اور ذاکرین سے بھی توقع ہے کہ وہ اپنے خطابات اور بیانات میں وحدتِ امت، امن، اور صبر و تحمل کے پیغام کو عام کریں، تاکہ یہ مہینہ حقیقی معنوں میں حسینی مشن کا عکاس بنے۔ کربلا کا پیغام آج بھی زندہ ہے، اور یومِ عاشورہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حق و باطل کی جنگ میں خاموش تماشائی نہیں بلکہ حسینی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ضلع بہاولپور کی پرامن فضاء کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ یہی وہ خراجِ عقیدت ہے جو ہم حضرت سیدنا امام حسینؑ کی عظیم قربانی کو پیش کر سکتے ہیں