وفاقی پارلیمانی سیکریٹری پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ و رکن قومی اسمبلی کنول شوذب کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ

وفاقی پارلیمانی سیکریٹری پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ ورکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان، وزیرِاعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اعلی تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے تمام تر وسائل فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ علم پر مبنی معیشت کے قیام اور عالمی مسابقتی دوڑ میں پاکستان کو اہم مقام دلوانے میں اعلی تعلیم کے شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔اسی لئے حکومت جامعات میں تدریس و تحقیق کے معیار میں اضافے،انفراسٹرکچر کی بہتری اور اعلی تعلیم کے مواقعوں کو نوجوانوں کی دسترس میں لانے کے لئے کوشاں ہے۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پاکستان کی اولین جامعات میں شامل ہے۔گزشتہ دو برسوں میں جامعہ میں شعبہ جات اورطلباؤطالبات و فیکلٹی کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کی بدولت یہ یونیورسٹی دنیا کی ہزار بہترین جامعات میں شامل ہو گئی ہے۔وفاقی پارلیمانی سیکریٹری نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے دورہ کے دوران وائس چانسلر انجینئر پروفیسرڈاکٹر اطہر محبوب کی جانب سے تدریسی،تحقیقی اور ترقیاتی امور پردی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جامعہ اسلامیہ کے لئے 4ارب روپے مالیت کے میگا ترقیاتی منصوبے کی منظوری دی۔جس کی بدولت نئی فیکلٹیوں کے لئے تدریسی بلاک،احمدپور شرقیہ کیمپس کی عمارت،انسٹیٹیوٹ آف فزکس،انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایگریکلچر،مکینیکل انجینئرنگ کا شعبہ اور ہاسٹل تعمیر کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ احمدپورشرقیہ میں یونیورسٹی کیمپس کا قیام اس علاقے کی سماجی اور معاشی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہو گا۔اس موقع پر معزز مہمان میں چولستان کے لاکھوں ایکڑ رقبے کومصنوعی بارش کے ذریعے آباد کرنے کے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔رکن قومی اسمبلی نے چولستان کی آبادکاری کے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبے ہزاروں چولستانیوں کی خوشحالی کی نوید کے ساتھ ساتھ ذرعی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا یونیورسٹی میں نرسنگ کالج کا قیام مقامی نوجوانوں کے لئے اس اہم ترین شعبے میں روزگار کے دروازے کھولے گااور احمدپورشرقیہ کیمپس میں بھی نرسنگ کالج کا شعبہ قائم کیا جائے گا۔انہوں نے آئی ٹی ڈویژن کی کارکردگی کو بھی سراہا جو آن لائن داخلوں اور ٹیسٹنگ سروس کے علاوہ تما م شعبہ جات کو جدید اندازمیں مربوط کر رہا ہے۔بعدازاں وفاقی پارلیمانی سیکریٹری محترمہ کنول شوذب نے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اطہر محبوب کے ہمراہ بغدادالجدید کیمپس کا تفصیلی دورہ کیااورپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں،سولرپارک اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا۔