جنوبی پنجاب کی تحصیل سطح کے پریس کلبوں اور یونینز آف جرنلسٹس کے لیے جرنلسٹس الائنس پاکستان کی چار رکنی رابطہ کمیٹی قائم
سال کے اختتام پر تحصیل پریس کلبز و یونینز آف جرنلسٹس کنونشن منعقد ہوگا، رجسٹریشن، تنظیموں کے استحکام اور دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا
رابطہ کمیٹی کے ارکان میں راشد عزیز ہاشمی، صدر پریس کلب احمدپور شرقیہ (احمدپور ایسٹ)، وفا سلیم تسکین، جنرل سیکریٹری پریس کلب لیاقت پور (رجسٹرڈ)، ضلع رحیم یار خان، ذوالفقار علی قائم خانی، چیئرمین قائم خانی میڈیا گروپ پریس کلب حاصل پور، اور حمیداللہ عزیز خان، جنرل سیکریٹری احمدپور یونین آف جرنلسٹس ورکرز ، احمدپور شرقیہ شامل ہیں۔
احمدپور شرقیہ: جرنلسٹس الائنس پاکستان نے جنوبی پنجاب کےتحصیل سطح کی پریس کلبوں اور یونینز آف جرنلسٹس کو ایک مؤثر پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے چار رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس امر کا اعلان جرنلسٹس الائنس پاکستان کے بانی اور میڈیا ایڈوائزر احسان احمد سحر کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق رابطہ کمیٹی کے ارکان میں راشد عزیز ہاشمی، صدر پریس کلب احمدپور شرقیہ (احمدپور ایسٹ)، وفا سلیم تسکین، جنرل سیکریٹری پریس کلب لیاقت پور (رجسٹرڈ)، ضلع رحیم یار خان، ذوالفقار علی قائم خانی، چیئرمین قائم خانی میڈیا گروپ پریس کلب حاصل پور، اور حمیداللہ عزیز خان، جنرل سیکریٹری احمدپور یونین آف جرنلسٹس ورکرز ، احمدپور شرقیہ شامل ہیں۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ رابطہ کمیٹی جنوبی پنجاب کی دیگر تحصیل سطح کی پریس کلبوں اور یونینز آف جرنلسٹس سے رابطے کرے گی، انہیں جرنلسٹس الائنس پاکستان کے پلیٹ فارم پر متحد کرے گی اور ان کی نمائندگی کو مزید وسعت دے گی۔ اسی مقصد کے تحت رواں سال کے اختتام پر تحصیل پریس کلبز و یونینز آف جرنلسٹس کنونشن منعقد کیا جائے گا۔
کنونشن میں تحصیل ہیڈکوارٹرز پر خدمات انجام دینے والے صحافیوں اور ان کی نمائندہ تنظیموں کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ ان میں پریس کلبوں اور یونینز آف جرنلسٹس کی رجسٹریشن کا طریقہ کار، جنوبی پنجاب میں تحصیل سطح کی صحافتی تنظیموں کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی حکمت عملی، تحصیل سطح کی پریس کلبوں کی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے طور پر رجسٹریشن کے لیے دستیاب قانونی طریقہ کار، اور اس سے متعلق دیگر امور شامل ہوں گے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ موجودہ قوانین کے تحت پریس کلبوں کو این جی اوز کے طور پر رجسٹر کرانے کی شرط کے باعث تحصیل سطح کی پریس کلبوں کی رجسٹریشن کا عمل انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔ مجوزہ کنونشن حکومت سے مطالبہ کرے گا کہ پریس کلبوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک آسان، مؤثر اور قابلِ عمل طریقہ کار متعارف کرایا جائے تاکہ تحصیل سطح کی صحافتی تنظیمیں قانونی حیثیت حاصل کرکے صحافی برادری کی بہتر انداز میں نمائندگی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں

