پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ایف نائن پارک میں ہونے والی تقریر کی حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
حکومتی اتحاد کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے ایف نائن پارک اسلام آباد میں کئے جانے والے خطاب کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جس میں ایک خاتون مجسٹریٹ کا نام لیکر اسے دھمکی دی گئی ہے جبکہ آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس اسلام آباد کو مخاطب کر کے ڈرانے کی کوشش کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق یہ دھمکیاں کھلی غنڈہ گردی اور لاقانونیت ہے، غدارفارن ایڈڈ جماعت اور فارن فنڈنگ لینے والا اس کا چئیرمین ہے جس نے اداروں میں بغاوت کی سازش کی ہے۔
مشترکہ بیان میں اعلیٰ عدلیہ پر زور دیا گیا کہ عمران خان کے خاتون مجسٹریٹ کو نام لیکر دھمکی دینے کا از خود نوٹس لے، وزیر داخلہ کار سرکار میں مداخلت اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے والے افسران اور سرکاری عملے کو دھمکیاں دینے پر عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں، عمران خان کو آئین اور قانون کا پابند بنایا جائے۔