کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مبارک پور میں مرکزی انجمن تاجران اور جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مشترکہ ریلی
سپہ سالارِ پاکستان مردِ مجاہد فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرا کر تاریخ رقم کریں گے۔ سید برات حسین نقوی
مبارک پور (نامہ نگار) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مبارک پور میں مرکزی انجمن تاجران اور جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مشترکہ ریلی نکالی گئی جبکہ متحدہ مرکزی انجمن تاجران نے بھی شرکت کی۔ ریلی کھروالہ چوک سے شروع ہو کر رمزی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی انجمن تاجران مبارک پور کے سرپرستِ اعلیٰ سید برات حسین نقوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ہمارا ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالارِ پاکستان مردِ مجاہد فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرا کر تاریخ رقم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہمارے بہن بھائی ہیں اور ان کی تکلیف پوری پاکستانی قوم کی تکلیف ہے۔
جماعتِ اسلامی مبارک پور کے امیر طاہر محمود آرزو نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اور جماعتِ اسلامی ہر فورم پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ بھارت اور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ فضا “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “بھارت مردہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔
ریلی میں متحدہ مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک وحید عباس مسن، چیئرمین راؤ صابر عزیز، مرکزی انجمن تاجران کے صدر چوہدری عبدالمجید، ملک اعجاز مسن، منور عزیز خان، خواجہ نوید احمد کے علاوہ جماعتِ اسلامی کے اراکین ملک محمد اکرم آرائیں، ملک مشہود ابراہیم، ملک شعیب چاچڑ، ملک اکرم کھروالہ، تاجران، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔

