جرنلسٹس الائنس پاکستان کے 14 رکن پریس کلب اب ’’رورل اینڈ ٹاؤن پریس کلبز، جنوبی پنجاب چیپٹر‘‘ کے نام سے کام کریں گے
پہلا اجلاس یکم اگست کو پنجاب کالج احمدپور شرقیہ میں ہوگا، ہر رکن پریس کلب کے دو نمائندے شرکت کریں گے، شرکت صرف دعوت نامے کے ذریعے ہوگی
احمدپور شرقیہ: جرنلسٹس الائنس پاکستان کے بانی اور میڈیا ایڈوائزر احسان احمد سحر نے اعلان کیا ہے کہ الائنس سے وابستہ 14 رکن پریس کلب آئندہ "رورل اینڈ ٹاؤن پریس کلبز، جنوبی پنجاب چیپٹر” کے مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس چیپٹر کے قیام کا مقصد جنوبی پنجاب کے رورل اور ٹاؤن سطح کے پریس کلبوں کے درمیان باہمی رابطے، تعاون اور نمائندگی کو مضبوط بنانا اور انہیں ایک منظم پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رورل اینڈ ٹاؤن پریس کلبز، جنوبی پنجاب چیپٹر کا پہلا اجلاس یکم اگست بروز ہفتہ صبح 10 بجے پنجاب کالج احمدپور شرقیہ میں منعقد ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق الائنس سے وابستہ ہر رکن پریس کلب کی نمائندگی دو، دو ارکان کریں گے جبکہ اجلاس میں شرکت صرف دعوت نامے کی بنیاد پر ہوگی۔
اجلاس میں چیپٹر کے تنظیمی امور، رکن پریس کلبوں کے درمیان رابطوں کے فروغ، مستقبل کی حکمت عملی، جنوبی پنجاب میں مزید رورل اور ٹاؤن پریس کلبوں کی شمولیت اور تنظیمی ڈھانچے کی توسیع سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
احسان احمد سحر نے مزید کہا کہ جرنلسٹس الائنس پاکستان کا مقصد رورل، ٹاؤن، تحصیل اور بعد ازاں ضلعی سطح پر صحافتی تنظیموں کے درمیان مؤثر روابط اور تعاون کو فروغ دینا ہے، تاکہ صحافی برادری کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط اور نمائندہ پلیٹ فارم تشکیل دیا جا سکے

