جامعہ کراچی کے فیکلٹی اور طلباء کا اسلامیہ یونیورسٹی کا دورہ

جامعہ کراچی اوراین ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی سے آئے ہوئے اساتذہ اور طلباء وطالبات کے وفد نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اسلامیہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پاکستان بھر کے طلباء طالبات کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ یونیورسٹی میں طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعداد دیگر صوبوں گلگت بلستان، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور آزاد کشمیر سے زیر تعلیم ہیں۔ اس موقع پر مہمان اساتذہ اور طلباء وطالبات نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جاری تعلیمی پروگراموں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی میں 16فیکلٹیوں میں 55ہزار طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ مرکزی بغداد الجدید کیمپس خوبصورتی اور ماحول دوست ہونے کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے انجینئرنگ، ہیلتھ سائنسز، فارمیسی، سائنسز، سوشل سائنسز اور نرسنگ کے پروگرام اعلیٰ میعار کے ہیں اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی رینکنگ کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پاکستان بھر میں 12ویں پوزیشن پر ہے۔ مہمان طلباء و طالبات نے اپنے دورے کے دوران قلعہ ڈراور، محلات اور دیگر تاریخی مقامات کی بھی سیر کی۔
