جہانگیر ترین اگلے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، علیم خان
لاہور: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں کسی بھی سیاسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ اگلا الیکشن میں پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے خلاف لڑیں گے کیونکہ عوام ان دونوں کے خلاف ہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی الیکشن میں کسی بھی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے وزیراعظم کے امیدوار جہانگیر خان ترین ہوں گے۔ علیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا خاتمہ بہت قریب ہے، عید کے بعد بہت سارے لوگ ہماری جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو علیم خان نے نکما اور بے ایمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کا انتظام بزدارکے پاس نہیں فرح گوگی کے پاس تھا اور ہر چیز کا فیصلہ مرشد سے ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ایماندار نہیں سمجھتا کیونکہ اپس نے لوگوں کو دھوکا دیا۔