وائس چانسلر ڈاکٹر نوید اختر کا اسلامیہ یونیورسٹی میں اساتذہ اور والدین میں باہمی روابط کے فروغ کے لیے تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کو خط

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے جامعہ اسلامیہ میں اساتذہ اور والدین میں باہمی روابط کے فروغ کے لیے تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کو خط لکھ دیا۔ وائس چانسلر نے تمام چیئرمین اور ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس سے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایک قدیم دانش گاہ ہے جو کئی دہائیوں سے جنوبی پنجاب اور پاکستان کے تمام علاقوں سے آئے ہوئے طالب علموں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہے۔ تدریسی و تحقیقی معیار میں طلباء وطالبات کی کارکردگی میں اضافے کے لیے، اساتذہ اور والدین کا باہمی رابطہ بہت ضروری ہے۔ یونیورسٹی میں سازگار ماحول، والدین کے اعتماد اور بھروسے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ اور والدین کا باہمی تعلق مضبوط ہو۔ والدین اور فیکلٹی ممبران کے درمیان باقاعدہ ملاقاتیں، طلباء کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں، کیمپس کے ماحول کی بہتری کے لیے باہمی تبادلہ خیال بہت ضروری ہے جس سے ادارے کی کارکردگی اور شہرت میں بہتری آئے گی۔ وائس چانسلر نے تدریسی شعبہ جات کے سربراہان سے کہا کہ طلباء خصوصاً طالبات کے والدین سے براہ راست رابطے کو یقینی بنا ئیں۔ انہیں طالب علموں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ کیمپس کے ماحول، نظم و ضبط اور ادارے کی بہتری اور ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کریں۔ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارم پر کیمپس میں جاری سرگرمیوں اور اساتذہ اور طلباء وطالبات کے تنوع کو اُجاگر کریں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اساتذہ، طلباء وطالبات اور والدین کے لیے قابل فخر ادارہ ہے۔ اس تعلق اور افتخار کے احساس کو انفرادی اور اجتماعی کاوشوں سے بہتر بنا کر ادارے کی ترقی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہماری اعلیٰ اخلاقی اقدار، ادارے اور وطن سے لگاؤ او رمحبت اور باہمی اعتماد کی فضاء ہی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو عروج عطا کرے گی۔ وائس چانسلر کی ہدایت پر مذکورہ خط کو تمام کیمپسز کے تدریسی شعبہ جات کے سربراہان تک پہنچا دیا گیا ہے۔