اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 6 طلباء وطالبات خصوصی سکالرشپ پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی چین پہنچ گئے ہیں۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ویژن کے مطابق جامعہ اسلامیہ کے عالمی جامعات سے روابط اور اشتراک بڑھاتے ہوئے ڈائریکٹوریکٹ آف انٹرنیشنل لنکجز نے چین کی سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی سے خصوصی معاہدہ کیا۔ اس معاہدے کو عملی جامعہ پہنانے میں ڈاکٹر محمد علی رضا ڈائریکٹر نیشنل ریسرچ اینڈ انٹرکراپنگ سنٹر نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل لنکجز ڈاکٹر عابد شہزاد نے بتایا کہ جلد ہی مزید 20 طلباء وطالبات بھی ویزہ و دیگر دستاویزی عمل مکمل ہونے کے بعد چین پہنچ جائیں گے۔ دونوں جامعات کے مابین معاہدے کی رو سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو سالانہ 20 پوسٹ گریجویٹ سکالرشپ فراہم کیے گئے ہیں۔ وائس چانسلر انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی میں سکالرشپ پر داخلہ لینے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد دی اور انہیں کہا کہ وہ وطن عزیز اور جامعہ کے سفیر کے طور پر احسن طریقے سے اپنی تدریسی و تحقیقی سرگرمیاں سرانجام دیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل لنکجز وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر بین الاقوامی جامعات اور اداروں سے تدریس و تحقیق میں تعاون و اشتراک کے لیے قائم کیا گیا۔ اس ڈائریکٹوریٹ کے تحت چین مشرقی وسطہ، یورپ، مشرقی بعید، امریکہ، آرسٹریلیا اور دیگر خطے کی جامعات سے معاہدے کیے گئے ہیں اور جلد ہی دیگر ممالک کی جامعات سے فیکلٹی اور طلباء وطالبات کی سطح پر باہمی تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔