اسلامیہ یونیورسٹی کی فائن آرٹس میں ایم فل کرنے والی طالبہ شمائلہ قریشی کا مقبرہ بی بی جیوندی کے رنگوں اور کاشی کاری پر مقالہ

شمائلہ قریشی سابق چیئرمین ضلع کونسل بہاولپور شیخ دلشاد قریشی کی صاحبزادی اور سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی کی خواہر نسبتی ہیں
بہاولپور + چنی گوٹھ (نامہ نگار)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے فائن آرٹس میں ایم فل کرنے والی طالبہ شمائلہ قریشی نے اوچشریف میں مقبرہ بی بی جیوندی کے رنگوں اور کاشی کاری پر اپنا مقالہ مکمل کر لیا جس میں مقبرہ بی بی جیوندی میں کاشی کاری ورک پر تحقیق کی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبرہ بی بی جیوندی پر انتہائی عمدہ کاشی کاری کی گئی ہے جس کی اب مثال نہیں ملتی۔ شمائلہ قریشی نے مقبرہ بی بی جیوندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صورتِ حال یہ ہے کہ اس تاریخی مقام کا کوئی پرسان حال ہے، نہ ہی مزار کی زیارت کرنے والے زائرین کی رہنمائی کے لیے افراد متعیّن ہیں۔ البتہ محکمۂ آثارِ قدیمہ کی طرف سے ایک بورڈ ضرور نصب کیا گیا ہے۔ اس زنگ آلود بورڈ میں انتہائی مختصر طور پر محض چند سطروں میں مقبرے کی تاریخ بیان کی گئی ہے۔اس کے علاوہ عوام النّاس کے لیے کسی قسم کا کوئی سائن بورڈ یا مزار کے حوالے سے تاریخی معلومات وغیرہ دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ خوب صورت کاشی گری سے مزیّن دیواریں اور محرابیں، جو کسی زمانے میں، اپنے معمار کی محنت اور مہارت کا اظہار کرتی تھیں، اب اجڑی اور ویران حالت کا نوحہ پیٹتی، ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر آتی ہیں۔ خیال رہے کہ شمائلہ قریشی سابق چیئرمین ضلع کونسل بہاولپور شیخ دلشاد قریشی کی صاحبزادی اور سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی کی خواہر نسبتی ہیں –