ریاست بہاول پور میں صحافت کے اصل بانی نواب صادق محمد چہارم (صبح صادق) ہیں: پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا

میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کا اسلامیہ یونیورسٹی میں "ریاست بہاول پور میں صحافت” کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب
بہاول پور: ریاست بہاول پور میں صحافت کے اصل بانی نواب صادق محمد چہارم (صبح صادق) ہیں کیونکہ 1867 میں سرکار کی سرپرستی میں سب سے پہلا اخبار "صادق الاخبار” کے نام سے جاری ہوا۔ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا نے "ریاست بہاول پور میں صحافت” کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوابین بہاولپور نے ہمیشہ علم و ادب کی سرپرستی کی ہے یہی وجہ ہے کہ بہاولپور میں علوم وفنون کے اداروں کے قیام کو اولیت دی گئی ۔ اس سیمینار کے مہمانانِ اعزاز ڈاکٹر ملک عدنان اور ڈاکٹر عابدہ نورین تھے۔ کلیدی مقرر پروفیسر محمد نعمان فاروقی نے اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ "صادق الاخبار” صرف سرکاری گزٹ ہی نہیں تھا بلکہ اس میں عوامی خبریں اور شعری و نثری تخلیقات بھی شائع ہوتی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ1896 میں عبدالرحمن آزاد نے "غمزہ یار” کے نام سے پہلا رسالہ شائع کیا۔1912 میں صادق ایجرٹن کالج کے "نخلستان ادب” کا اجراء ہوا جو تاحال شائع ہو رہا ہے۔ عوامی سطح پر پہلا پرچہ سید مبارک شاہ جیلانی نے سنجر پور سے "لالہ صحرا” کے نام سے شروع کیا جس کا صرف ایک ہی شمارہ شائع ہو سکا۔1938 میں بریگیڈیر نذیر علی شاہ نے "رود ستلج” کے نام سے ماہ نامہ کا اجرا کیا۔ 1938 میں ہی ڈاکٹر ایف ایم شجاع ناموس نے خالص ادبی جریدہ ماہنامہ "محقق” کے نام سے شروع کیا جب کہ 1939 میں مخدوم غلام دستگیر قادری نے علمی،ادبی اور عوامی ماہنامہ "اصلاح” کے نام سے نکالنا شروع کیا۔پروفیسر نعمان فاروقی نے یہ بھی کہا کہ پہلا عوامی پریس 1939 میں "عزیز المطابع” کے نام سے قائم ہوا جس کا افتتاح سر شیخ عبد القادر نے کیا تھا۔ 1940 میں عزیز الرحمن عزیز نے ماہنامہ "العزیز” کے نام سے ایک بے مثال رسالہ نکالنا شروع کیا جو 1946 تک جاری رہا ۔ اس رسالے میں بہاولپور کی تاریخ ، ثقافت تہذیب و تمدن اور اسلامی اقدار سے متعلق غیر معمولی مواد ملتا ہے۔ اس تقریب میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے لیکچرار ڈاکٹر حنان ترین اور طیبہ لطیف کے علاوہ شعبہ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر واصف اقبال صدیقی ، ڈاکٹر سجاد نعیم اور شعبہ اقبالیات کے لیکچرار محسن رضا نے خصوصی طور پر شرکت کی