اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں یکساں نصاب کے حوالے سے تین روزہ مشاورتی اجلاس
شعبہ ایجوکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں یکساں نصاب کے حوالے سے تین روزہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے تعاون سے ہونے والے اس پروگرام کے پہلے دن یکساں نصاب پڑھایا جانے والے سرکاری سکولوں کے اساتذہ نے شرکت کی اور اس حوالے سے اپنے تجربات اور آراء سے آگاہ کیا۔دوسرے روز نجی سکولوں کے مالکان اور اساتذہ شریک ہوئے۔جبکہ تیسرے روز ماہرین تعلیم،والدین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔تمام سٹیک ہولڈرز نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکی جانب سے یکساں نصاب کے حوالے سے لگاتار دوسرے برس مشاورتی اجلاس کے انعقاد کو سراہا۔ممتاز کالم نگار نعیم مسعود نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور سیرحاصل گفتگو کی۔پروفیسر ارشادحسین،چئیرمین شعبہ ایجوکیشن نے کہا کہ یکساں نصاب کے حوالے سے تمام طبقہ ہائے فکر کی رائے اور مشوروں کو متعلقہ حکومتی حلقوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے لئے حکومت ِپاکستان کے اس احسن اقدام کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔