وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ سےاسلامیہ یونیورسٹی کے طلباء کے وفد کی ملاقات

Media Studies Delegation visit National assembly

وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ سے پروفیسر ڈاکٹر شہزاد رانا اور علی حسن رضوی کی سربراہی میں شعبہ میڈیا سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی کے طلباء کے وفد کی ملاقات

وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کئے بغیر ہم خود کفالت اور خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کر سکتے زراعت اور توانائی کے شعبوں میں ترقی ہی ملکی ترقی کی ضامن ہے۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی چیمبر میں پروفیسر ڈاکٹر شہزاد رانا اور علی حسن رضوی کی سربراہی میں شعبہ میڈیا سٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلباء کے وفد سے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافت کے میدان میں اب سوشل میڈیا کا رنگ نمایاں ہے مگر اس میدان میں اخبار اور ٹی وی کے برعکس ہم بے روک ٹوک آگے بڑھ رہے ہیں جس کے نتائج اچھے نہیں ہو سکتے۔طلباء کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالب علم اس بات کی تحقیق کریں کہ آیا جدید دنیا میں ملک بندوق اور طاقت کے زور پر چل سکتے ہیں یا قلم اور قانون سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہٹلر جھوٹ بول بول کر ملک کا سربراہ بن گیا اور پھر جھوٹ اور طاقت کے زور پر اس نے اپنی قوم اور دنیا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کو روکنا میڈیا کی ذمہ داری ہے اور اگر جھوٹ کو نہ روکا جائے تو پھر دہائیوں اور صدیوں تک اس کی تباہ کاریوں کی سزا بھگتنا پڑتی ہے۔

مزید پڑھیں