اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اعلیٰ سطحی وفد کا عوامی جمہوریہ چین کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دورہ

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اعلیٰ سطحی وفد نے عوامی جمہوریہ چین کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ وفد میں پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل رجسٹرار، ڈاکٹر حافظ محمد آصف پرنسپل یونیورسٹی کالج آف کنویشنل میڈیشن، ڈاکٹر خلیل احمد اسسٹنٹ پروفیسر، حافظ عبدالستارلیکچرار اور رابعہ زاہد لیکچرار شامل تھے۔ وفد نے لی جنسونگ صدر ٹینگ انٹرنیشنل ایجوکیشن سے ملاقات کی اور روایتی چینی طریقہ علاج اور ادویات سے متعلق آنہوئی یونیورسٹی برائے روایتی طریقہ علاج ہینفینا ن، بوزہوجیرین فارماسوٹیکل گروپ، بوزہوچینی ہربل میڈیسن ٹریڈنگ مارکیٹ، ہینان یونیورسٹی آف زینگ زو، چینگڈو یونیورسٹی آف چینگڈو، ہینان روایتی میڈیکل کالج جانگشا گانسو ہیلتھ ووکیشنل کالج گانسو کا دورہ کیا۔ ان دوروں کے دوران اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی فیکلٹی آف فارمیسی اور فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور چینی میڈیکل ہیلتھ کے ماہرین کے درمیان اعلیٰ تعلیم میں تعاون اور اشتراک، فیکلٹی اور طلباء وطالبات کے تبادلے،صنعتی اداروں سے روابط اور افرادی قوت کی تربیت سے متعلق معاہدے کیے۔ دونوں اداروں کی جانب سے چینی روایتی طریقہ علاج کے پوٹینشل کو دیکھتے ہوئے اسے چائنہ پاکستان اقتصاری منصوبوں کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ جسے چائنہ پاکستان اقتصادی تعاون برائے ہیلتھ کوریڈورکا نام بھی دیا جا سکتا ہے جس سے روایتی طب میں افرادی قوت کی تکنیکی تیاری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کو فروغ حاصل ہو گا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس شعبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرئے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے چینی اداروں اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے درمیان طب کے شعبے میں تعاون اور اشتراک کو سراہتے ہوئے اسے سماجی اور معاشی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیاہے۔
