ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اسلامیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام سال 2022کی طلباء سوسائٹیز کے عہدیداران میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب
ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام سال 2022کی طلباء سوسائٹیز کے عہدیداران میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب بغد ادالجدید کیمپس میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر نامور موٹیویشنل سپیکر ڈاکٹرمحمد عفان قیصر بھی شریک ہوئے جنہوں نے طلباء طالبات کو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کے موضوع پرخصوصی لیکچر دیا۔ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر اظہر حسین نے کہا کہ وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر طلباء وطالبات میں لیڈرشپ اجاگر کرنے اور فعال پروفیشنل بن کر معاشرے میں مفید کردار ادا کرنے کے حوالے سے یونیورسٹی میں طلباء سوسائٹیز کا قیام عمل میں آیا۔ ان طلباء سوسائٹیز کا قیام سال 2019میں شروع ہوا۔یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹل لیول، فیکلٹی لیول اور سٹوڈنٹس کلب بھی کام کر رہے ہیں۔ اس وقت29 طلباء سوسائٹیز کام کر رہی ہیں جہاں طلباء وطالبات اپنے موضوعات کے اعتبار سے مختلف سرگرمیاں منعقد کرتے ہیں اور ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس کی جانب سے مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر اظہر حسین نے سٹوڈنٹس سوسائٹیز کے قیام اور ان کی سرگرمیوں میں خصوصی تعاون اور سرپرستی پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز رضوان مجید اور اپنی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں طلباء سوسائٹیز کے ایڈوائزرکی موجودگی میں عہدیداروں میں اسناد تقسیم کیں گئیں۔