اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی اکیڈمک کونسل کا 53واں اجلاس وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تدریسی امور سے متعلق اہم معاملات پر غورو خوص کیا گیاا ور اہم فیصلے کیے گئے۔ ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر مکشوف احمد نے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ پیش کیا اور ایجنڈے کے نکات منظوری کے لیے پیش کیے۔ اجلاس میں سپرنگ سیمسٹر 2022اور آئندہ کے پروگراموں میں داخلہ پالیسی کی منظوری دی گئی۔ اکیڈمک کونسل کے قوانین، سکیم آف اکیڈمک ایڈوائزر اور طریقہ ء کار سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ یونیورسٹی میں شعبہ پنجابی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ مختلف پروگراموں کے نظر ثانی شدہ نصاب کی منظوری دی گئی۔ سول انجینئرنگ میں ایم ایس پروگرام اور بی ایس ایو ی ایشن سائنسز کی منظوری دی گئی۔ ریگولر اور پارٹ ٹائم فیکلٹی کے لیے ٹیچنگ پارٹ ٹائم ورک لوڈ کی بھی منظوری دی گئی۔ مختلف مضامین کے ناموں میں تبدیلی اور ردوبدل کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں انڈر گریجویٹس پروگراموں کے مشترکہ کورسز اور داخلے کے طریقہء کار کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ معیاری تحقیق کے لیے ٹیچنگ اور ایڈ منسٹریٹو ایکٹ1975پالیسی گائیڈ لائن جیسے امور بھی زیر غور آئے۔