قومی ادارے ہمارا فخر، اپوزیشن کی جانب سے اداروں کو مخصوص ایجنڈے کے تحت نشانہ بنانا قابل مذمت ہے:عثمان بزدار
پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی،عوام صرف ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں، انہیں افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں،وزیراعلیٰ کی اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو
لاہور23نومبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی صداقت علی عباسی،سید مبین احمداور سمیع گیلانی شامل تھے۔ اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مسائل کے حل کیلئے فوری ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا۔سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔سمت درست اور نیت نیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اداروں کو مخصوص ایجنڈے کے تحت نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔قومی ادارے ہمارا فخر ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ عوام صرف ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں، انہیں افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں۔ پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہے۔