ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ایشیاء کی جامعات کی رینکنگ جاری کر دی۔ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ ایشیاء کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور 201-250کی فہرسٹ میں شامل ہو گئی ہے۔ انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے ایشیائی جامعات میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی پہلی 250جامعات میں شمولیت کو بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے اساتذہ، طلباء وطالبات اور ایلومینائی کو مبارکباد دی ہے۔ ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ مدنی نے کہا کہ وائس چانسلر انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ویژن کے مطابق جامعہ اسلامیہ نے گزشتہ برسوں میں جامعات کی عالمی درجہ بندی کے عشاریوں میں واضع بہتری اور برتری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پاکستان کی جامعات میں بھی سرفہرست ہو گئی اور دیگر پرفارمنس انڈیکیٹرز میں نمایاں مقام حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی رینکنگ میں دنیا کی پہلی 801-1000جامعات میں شامل ہوئی تھی اور کوالٹی ایجوکیشن کے اعتبار سے پاکستانی جامعات میں پہلی دس جامعات میں شامل ہوئی تھی۔