اسلامیہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات ،بانی نواب سر صادق محمد خان عباسی کی یاد میں تقریب امیر آف بہاولپور کو شاندار خراج عقیدت
صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی کی بطور مہمان خصوصی شرکت، اپنے دادا نواب سر صادق محمد خان عباسی کی تعلیمی خدمات پر تفصیلاً روشنی ڈالی ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اُنہیں یادگاری شیلڈ پیش کی
بہاولپور (پ ر ) صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں آج غلام محمد گھوٹوی ہال میں بانی جامعہ عباسیہ /اسلامیہ یونیورسٹی اپنے دادا مرحوم نواب سر صادق محمد خان عباسی مرحوم کی یاد میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جس کی صدارت کے فرائض وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے انجام دیے
پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر نے اپنے خطاب میں اپنے دادا اعلی حضرت نواب سر صادق محمد خان عباسی کی دینی قومی اور ملی خدمات پر تفصیلاً روشنی ڈالی اور ریاست بہاولپور کے طول و عرض میں تعلیمی اداروں کا جال پھیلانے کے سلسلے میں ان کی تاریخی خدمات کا ذکر کیا -انہوں نے کہا کہ نواب صاحب مرحوم و مغفور بیدار مغز اور عوام دوست حکمران تھے جس کا ثبوت ہے کہ آج بھی بہاولپور عوام انہیں دل و جان سے اُنکا احترام کرتے ہیں ،تقریب میں دیگر مقررین اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے بانی اسلامیہ یونیورسٹی نواب سر صادق محمد خان عباسی کی شاندار خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 1925میں جامعہ عباسیہ کی بنیاد رکھی اور آج یہ اسلامیہ یونیورسٹی کی شکل میں آپ کے سامنے موجود ہے
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے مہمان خصوصی صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی کو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ مہمان خصوصی صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی نے تقریب میں اسلامیہ یونیورسٹی کے میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد پراچہ سابق کنٹرولر امتحانات سمیت دیگر شخصیات کو شیلڈز دیں

