رحیم یارخان اور راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا آغاز

وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورانجینئرپروفیسرڈاکٹراطہرمحبوب کی ہدایت پر رحیم یارخان اور راجن پور کے سیلاب زدہ علاقوں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے فوکل پرسن پروفیسرڈاکٹر آصف نوید رانجھااور ڈائریکٹررحیم یار خان کیمپس ڈاکٹرمحمد عمیراشرف کے مطابق آج خصوصی بس روجھان کے علاقے میں امدادی سامان لے کر روانہ ہوئی جس میں 220خاندانوں کے لئے کھانے کا سامان،دالیں،بسکٹ،صابن اور دیگرضروری اشیاء شامل ہیں اوراس بس کی قیادت فیکلٹی ممبر عون بخاری کررہے تھے۔بس میں سیلاب زدگان کے لئے موجودراشن اور فوری استعمال کی چیزیں اور7دیگیں پکے ہوئے کھانے کی بھی شامل ہیں جو کہ روجھان کے علاقے میں سیلاب زدگان متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن کی خصوصی ہدایت پروائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے جامعہ میں فلڈ ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔اس سلسلے میں فنڈریزنگ مہم بھی جاری ہے اور امدادی اشیاء جس میں کھانے پینے کا سامان،ادویات اور دیگر ضرورت کی اشیاء جمع کی جارہی ہیں جس سے رحیم یارخان کیمپس سے راجن پور کی متاثرہ تحصیلوں اور رحیم یار خان کے دریائی علاقے کے متاثرہ دیہاتوں میں تقسیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔