سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ائمہ و خطبا کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ائمہ و خطبا کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔ پہلے سیشن کی صدارت وائس چانسلر انجینئر پروفیسرڈاکٹر اطہر محبوب نے کی اور مہمان خصوصی مفتی منیب الرحمن سابق چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان تھے۔ اس موقع پر مولانا زاہد الراشدی شیخ الحدیث نے فقہی اختلافات اور خطبا کے رویہ کے موضوع پر خطاب کیا۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور باقاعدگی سے طلباء وطالبات کے لیے دینی تعلیمات کا اہتمام کرتی ہے اس سلسلے میں سیرت چیئر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بہت فعال کردار ادا کر رہی ہے اور وقتا فوقتا بین الاقوامی اور قومی سیمینارز، ورکشاپس اور توسیعی لیکچرز کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ نوجوان نسل کے اذہان و قلوب کو دین اسلام کی تعلیمات سے منور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کی فلاح اور دین اسلام کی اشاعت و فروغ میں دینی مدارس کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے۔ نسل نو کو دین اسلام کی تربیت دینے میں مدارس کی دن رات محنت قابل تعریف ہے۔ دینی تعلیم کے ساتھ دور حاضر کے مسائل سے آگاہی کے لے عصری تعلیم سے روشناسی بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں دوروزہ تربیتی ورکشاپ برائے ائمہ و خطبا کے موضوع پر ہونے والی ورکشاپ میں شرکت کے لیے خصوصی آمد پر مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماء کرام کا شکریہ ادا کیا۔مفتی منیب الرحمن سابق چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم دین کو مشن سمجھ کر اخلاص کے ساتھ سیکھیں گے تو اللہ تعالیٰ توقعات سے بڑھ کر عطا کرے گا۔ اس لیے فرمایا کہ علم صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لیے حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ نے فرمایا قرآن عربی میں ہے اور اسے عربی لہجے میں پڑھو۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطبہ حجہ الواع کے موقع پر آپﷺ نے صحابہ کرام اور امت سے پوچھا کیا میں نے اللہ کا پیغام تم تک پہنچا نہیں دیا سب نے یک زبان ہو کر اقرارکیا یا رسول اللہ ﷺ آپ نے یقینا اللہ کا پیغام ہم تک پہنچا دیا ہے۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ معاشرے میں معلمین، اماجدین اور خطیب حضرات کا بہت اہم کردار ہے اور اسلامی معاشرے میں سماجی، معاشی اور سیاسی لحاظ سے مسجد کلیدی حیثیت کی حامل ہے۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں اہم دینی موضوعات پر ہونے والی کانفرنسز اور مذاکرے کے اہتمام پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کو مبارکباد دی اور سیرت چیئر کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ اور ڈائریکٹر سیر ت چیئر پروفیسرڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیر ت چیئرفیکلٹی آف اسلامک لرننگ دینی موضوعات پر گزشتہ چار دہائیوں سے گرانقدردعوتی و تحقیقی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اب تک سات بین الاقوامی سیرت کانفرنسز، قومی سیرت کانفرنس، قومی قرآن کانفرنس، ورکشاپس اور مختلف قومی و بین الاقوامی سیمینارز کا انعقاد کرا چکی ہے، جن میں نامور ملکی و غیر ملکی اسلامی سکالرز نے شرکت کی اور اپنے وقیع مقالات بھی پیش کیے جو طباعت سے مرصع ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی قومی و بین الاقوامی معروف مذہبی سکالرز کے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر توسیعی محاضرات کا اہتمام بھی سیرت چیئر کے کریڈٹ پر ہے۔ ورکشاپ کے پہلے روز دوسرا سیشن غلام محمد گھوٹوی ہال عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر پرو وائس چانسلر نے کی۔ مقررین میں مولانا صہیب احمد، ڈاکٹر ضیا الرحمن، ڈاکٹر حافظ محمد ظہیر، ڈاکٹر ابرار محی الدین مرزانے خطاب کیا۔ شرکاء نے جامعہ عباسیہ، جامعہ اسلامیہ اور موجودہ دور میں دینی تعلیمات کی نشر و اشاعت میں جامعہ کے کردار کو سراہا۔ورکشاپ کے دوسرے روز تربیتی ورکشاپ برائے آئمہ و خطبا کے دو سیشن منعقد ہوئے۔اس نشست کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمن نے کی۔ ڈاکٹر محمد طاہر خاکوانی مہمان اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ اس نشست میں پروفیسر عون محمد سعیدی، مولانا عبد اللطیف، ڈاکٹر ظہیر احمد، ڈاکٹر علی طارق اور ڈاکٹر ضیاء الرحمن نے خطاب کیا۔ مقررین نے مذہبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ قاری صہیب احمد میر محمدی اور ڈاکٹر شمس البصر نے آئمہ و خطبا سے خطاب کیا اور انہیں زمہ داریوں سے آگاہ کیا۔آخر میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ اور ڈائیریکٹر سیرت چیر پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے خطاب کیاانہوں نے ائمہ و خطبا کا شکریہ ادا کیا۔ شرکا میں اسناد تقسیم کی گئیں اور مقررین کو شیلڈز پیش کی گئیں۔