اسلامیہ یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی زیر صدارت 54واں اجلاس

اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف سوائل اینڈ واٹر ریسورس کے قیام کی منظوری دی گئی
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی اکیڈمک کونسل کا 54واں اجلاس وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف سوائل اینڈ واٹر ریسورس کے قیام کی منظوری دی گئی۔ واٹر مینجمنٹ میں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرام کا اجراء کیا جائے گا۔ شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینٹکس میں بی ایس پروگرام کی منظوری دی گئی۔ بی ایس اور ایم فل، پی ایچ ڈی سطح پر بائیو انفارمیٹکس کے کورسز پڑھائے جائیں گے۔ یونیورسٹی میں بی ایس فلاسفی کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ پی ایچ ڈی سول انجینئرنگ کے علاوہ بی ایس، ایم فل سطح کے پروگراموں میں ترمیم شدہ نصاب اور قواعد و ضوابط کے قوانین کی بھی منظوری دی گئی۔اجلا س میں 50 سے زائد ایجنڈا ایٹمزپر غور کیا گیا۔ ان ایجنڈا آئٹمز میں نصاب میں بہتری، نئے پروگراموں کا آغاز اور طلباء کے فائدے کے لیے آسان اصول و ضوابط شامل ہیں۔ اکیڈمک کونسل کی سطح پر فیکلٹی اور یونیورسٹی کے عملے کے ارکان کے لیے ضابطہ اخلاق کی منظوری یا توثیق کی گئی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ اس سے ہمارے نوجوان اور آنے والے فیکلٹی ممبران اور سینئر فیکلٹی ممبران کو بھی اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ طلباء کے ساتھ منصفانہ اور شفاف طریقے سے پیش آئیں اور بطور فیکلٹی اور یونیورسٹی معاشرے کے لیے ایک رول ماڈل بنیں۔ ان اقدمات سے اساتذہ تدریس و تحقیق کو اعلیٰ معیار کے مطابق چلا سکیں گے جس سے مستفید ہو کر طلباء وطالبات پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔