اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں مصنوعی ذہانت سے لیس پہلے بی ایس ڈگری پروگرام کی منظوری

آرٹیفیشل اینٹیلی جنس اور کلائمنٹ چینج کا بہترین بی ایس پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہےڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایگر و انڈسٹری اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام حسن عباسی
بہاولپور : اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں مصنوعی ذہانت سے لیس پہلے بی ایس ڈگری پروگرام کی منظوری دے دی گئی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی زیر صدارت انسٹی ٹیوٹ آف ایگر وانڈسٹری اینڈ اینوائرمنٹ کے بورڈ آف سٹڈیز کا خصوصی جلاس منعقد ہوا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اُن کی تمام تر توجہ کوالٹی ایجوکیشن پر مرکوز ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ انسٹی ٹیوٹ آف ایگر وانڈسٹری اینڈ اینوائرمنٹ کے بورڈ آف سٹڈیز کے اجلاس میں شریک ہوئے ہیں۔ اجلاس میں آرٹیفیشل اینٹیلی جنس اور کلائمنٹ چینج بی ایس ڈگری پروگرام کی منظوری دی گئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے تمام تدریسی پروگرا م اے آئی بلینڈڈ یعنی اے آئی سے مربوط کر دئیے گئے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں دورِ حاضر کے قومی اور عالمی رحجانات اور جاب مارکیٹ کی ضرویات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام تدریسی کورسز کو آرٹیفیشل اینٹیلی جنس سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نصاب کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ مارکنگ کے معیارات کو بھی بہتر بنایا جائے گا اور تدریسی معیارات کی بہتری پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو ایسے تدریسی ماڈل کی ضرورت ہے جس سے فیض یاب ہو کر وہ عالمی مارکیٹ میں اعتماد سے داخل ہو سکیں۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایگر و انڈسٹری اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام حسن عباسی نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر کے ویژن اور پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ کی توجہ سے آرٹیفیشل اینٹیلی جنس اور کلائمنٹ چینج کا بہترین بی ایس پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ مقامی اور عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں اور مصنوعی ذہانت سے لیس بی ایس ڈگری حاصل کرنے کے بعد نوجوانوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بہترین ملازمتیں حاصل ہو سکیں گی۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد خان ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ ، پروفیسر ڈاکٹر شفقت علی ، پروفیسر ڈاکٹر ناجیہ سحر، ڈاکٹر محمد علی ، ڈاکٹر رفیق احمد اور فیصل شہزاد لیکچرار شریک ہوئے ۔