Advertisements

اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کے زیراہتمام جشن آزادی کراٹے شو کا انعقاد

Irshad Ahmed Shad organises Jashn-e-Azadi -Karate show in Uchsharif
Advertisements

نیشنل تیکوانڈو چمپیئن شپ کی گولڈ میڈلسٹ غوث فاطمہ سمیت مختلف کھلاڑیوں نے تیکوانڈو اور مارشل آرٹس میں فنی مہارت کا مظاہرہ کیا

اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اوچ شریف میں 33 سال قبل اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کی بنیاد رکھی گئی میزبان ارشاد احمد شاد

Advertisements

اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کے زیراہتمام جشن آزادی کراٹے شو کا انعقاد، نیشنل تیکوانڈو چمپیئن شپ کی گولڈ میڈلسٹ غوث فاطمہ سمیت مختلف کھلاڑیوں نے تیکوانڈو اور مارشل آرٹس میں فنی مہارت کا مظاہرہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، تفصیلات کے مطابق اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کے زیراہتمام میونسپل کمیٹی کے اشتراک سے جشن آزادی کراٹے شو کا انعقاد کیا گیا، اس سلسلے میں گورنمنٹ ہائی اسکول اوچ شریف کے سبزہ زار میں منعقد ہونے والی تقریب کی صدارت سینئر انسٹریکٹر و نیشنل گولڈ میڈلسٹ ارشاد احمد شاد (بلیک بیلٹ تھرڈ ڈان) نے کی جب کہ مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر احمد پورشرقیہ محمد نوید حیدر تھے۔

اس موقع پر تقریب میں جے ایس تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب بہاول پور کے صدر سینئر انسٹریکٹر و انٹر نیشنل کوچ جاوید بشیر (بلیک بیلٹ فورتھ ڈان) سینئر قانون دان و نائب صدر جمیلہ ناز (ایڈووکیٹ ہائی کورٹ) سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم، سینئر سب انجینئر عمران خان گشکوری، چیئرمین نوائے اوچ لٹریری سوسائٹی (رجسٹرڈ) و انچارج جناح لائبریری نعیم احد ناز، معروف کاروباری و سماجی شخصیت و سینئر صحافی محمد اعجاز خان پٹھان، ممبر ضلعی امن کمیٹی و صدر جماعت اہل سنت اوچ شریف حاجی غلام یٰسین سومرو، صدر اوچ سول سوسائٹی و ممرکزی انجمن تاجران عمر خورشید سہمن، صدر پبلک ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن محمد اکمل شیخ، محمد عمران سعیدی، رانا حیدر سلطان اور مولانا جمشید اختر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، طلبہ، عام شہری اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے  شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا کہ تیکوانڈو اور مارشل آرٹس گیمز جسمانی، ذہنی اور سماجی فوائد کی ایک وسیع رینج ممکن بنانے اور نوجوان نسل کو ان کے ذہنی ارتکاز، خوداعتمادی، توازن، لچک اور مجموعی فٹنس کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کے پلیٹ فارم پر ایسی گیمز کا احیاء ایک خوش آئند اقدام ہے، اے سی آفس اور میونسپل انتظامیہ ان گیمز کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔ تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے سینئر قانون دان و جے ایس تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب بہاول پور کی نائب صدر جمیلہ ناز (ایڈووکیٹ) نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس کے انعقاد سے نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھرتی ہیں اور ان میں نظم و ضبط اور عزم کا مضبوط احساس پیدا ہوتا ہے۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھنے اور کامیاب ہونے کے لیے نوجوان نسل تیکوانڈو اور مارشل آرٹس جیسی گیمز میں مہارت حاصل کرے، انہوں نے ایسی شاندار تقریب کے انعقاد اور انتظامات پر اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کے ٹیم ورک کو سراہا۔

دریں اثنا اپنے صدارتی کلمات میں تقریب کے میزبان و چیئرمین اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب ارشاد احمد شاد نے کہا کہ اوچ شریف کی نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے، کھیل کے میدان آباد رکھنے اور غیر نصابی سرگریوں کے فروغ کے لیے آج سے تقریباً 33 سال قبل اپنی مدد آپ کے جذبے سے اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کی بنیاد رکھی گئی تھی، جس کے پلیٹ فارم پر سینکڑوں مقابلے کرائے گئے، اس کلب سے وابستہ کھلاڑیوں نے قومی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے کر اپنے شہر اور کلب کا نام روشن کیا جب کہ کئی کھلاڑیوں کو پی ٹی وی پر بھی مدعو کیا گیا۔ ارشاد احمد شاد نے کہا کہ 2004ء میں اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کے زیراہتمام اوچ شریف میں آخری مرتبہ نیشنل کراٹے چمپیئن شپ منعقد کرائی گئی، اس کے بعد نامساعد حالات، مالی مشکلات اور سرکاری سرپرستی نہ ہونے کے باعث یہ کلب غیر فعال ہو کر رہ گیا۔ ارشاد احمد شاد نے مزید کہا کہ والدین اور اساتذہ کے پرزور اصرار پر ہم نے تین ماہ قبل اوچ تیکوانڈو اینڈ مارشل آرٹس کلب کو فعال کیا، اسی ماہ ہمارے کلب کے 14 کھلاڑیوں نے بہاول پور میں ڈویژنل تیکوانڈو چممپیئن شپ میں شرکت کر کے دو گولڈ میڈل، تین سلور میڈلز اور تین برون میڈلز حاصل کیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کلب میں ایسے غریب بچے بھی کراٹے سیکھنے آتے ہیں جن کے والدین کی یونی فارم لینے کی بھی سکت نہیں، انہوں نے مخیر شخصیات اور حکومتی  اداروں سے تعاون کی اپیل کی۔ قبل ازیں جشن آزادی کراٹے شو کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے ہوا، اس موقع پر نظامت کے فرائض محمد اظہر عطاری اور عمر خورشید سہمن نے سرانجام دیے، تقریب میں ارشاد احمد شاد نے اپنی کہنی سے برف کے چار بلاک ایک ساتھ  توڑ کر مہمان خصوصی اور دیگر شرکاء کو انگشت بدنداں کر دیا، تقریب کے آخر میں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر، سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم اور جمیلہ ناز (ایڈووکیٹ) نے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں