ایران نے پاکستان سمیت ملحقہ تمام ممالک کی سرحدیں بند کردیں
کوئٹہ: ایران نے افغانستان، پاکستان اور دیگر برادر ممالک سے ملحقہ تمام سرحدیں مکمل بند کر دیں۔ ذرائع کے مطابق کشیدگی کے باعث ایران نے تفتان بارڈر سمیت کیچ سے ملحقہ بارڈر بند کرکے تجارتی سرگرمیاں معطل کر دیں، ایران کی جانب سے اشیائے خورونوش اور ادویات کی برآمد پر بھی پابندی ہے۔
ایران سے خوراک اور ادویات کی فراہمی بند ہونے پر سرحدی تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جب کہ بارڈر بندش سے بلوچستان کے علاقوں تفتان، دالبندین، تربت، کیچ اور پنجگور متاثر ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا تھا کہ ایران کے فیصلے سے پاکستان اور افغانستان متاثر ہوں گے، ایران سے اشیائے خورونوش کی خریداری افغانستان اور پاکستان میں سب سے زیادہ ہوتی تھی۔ ایران کے اقدام سے بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان، دالبندین، تربت، کیچ، پنجگور اور دیگر علاقوں میں غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، سرحدی تجارت رکنے سے مقامی کاروبار شدید متاثر ہوگا، تاجروں نے حکومت سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

