احمد پور شرقیہ میں آئی پی آئی اور رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کی صحافیوں کو آن لائن ہراسمنٹ سے تحفظ فراہم کرنے کی تربیت
28 مرد و خواتین صحافیوں کی شرکت، آٹھ خواتین لکھاری بھی شامل؛ احسان احمد سحر کا آئی پی آئی کی قیادت اور ٹرینر سے اظہار تشکر
احمد پور شرقیہ، 22 اکتوبر 2026ء: انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آئی) نے رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان (آر ایم این پی) کے اشتراک سے پنجاب کالج احمد پور شرقیہ کے لائبریری ہال میں صحافیوں کو آن لائن ہراسمنٹ سے تحفظ فراہم کرنے اور اس نوعیت کے حملوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کے موضوع پر آن لائن تربیتی ورکشاپ منعقد کی، جس میں بہاولپور، احمد پور شرقیہ، اوچ شریف، مبارک پور اور چنی گوٹھ سے تعلق رکھنے والے 28 مرد و خواتین صحافیوں نے شرکت کی۔ شرکاء میں آٹھ خواتین لکھاری بھی شامل تھیں۔
نیوز روم آن لائن ہراسمنٹ کے خلاف مؤثر ردعمل کا نظام کیسے تشکیل دے سکتے ہیں؟ کے عنوان سے منعقدہ تربیتی سیشن میں صحافیوں کو آن لائن بدسلوکی اور ہراسمنٹ سے محفوظ رکھنے، ممکنہ خطرات کا جائزہ لینے، شکایات کے اندراج اور ان پر کارروائی کے مؤثر طریقۂ کار وضع کرنے اور متاثرہ صحافیوں کی بحالی و معاونت کے عملی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
آسٹریا میں قائم انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ کے شعبۂ ڈیجیٹل میڈیا اینڈ آن لائن سیفٹی کے سربراہ جیویر لوکے نے ویانا سے آن لائن تربیتی سیشن منعقد کیا۔ انہوں نے مختلف سلائیڈز کے ذریعے شرکاء کو نیوز رومز میں آن لائن ہراسمنٹ کی روک تھام اور اس کے خلاف مؤثر ردعمل کے نظام تشکیل دینے کے عملی طریقوں سے آگاہ کیا اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
تربیت میں چار بنیادی شعبوں پر توجہ دی گئی: آن لائن ہراسمنٹ کے خلاف مؤثر ردعمل کا طریقۂ کار وضع کرنا، ہراسانی کی روک تھام کے لیے حفاظتی نظام قائم کرنا، آن لائن حملوں سے متاثرہ صحافیوں کی بحالی اور معاونت کا انتظام کرنا، اور ہر نیوز روم کے دستیاب وسائل اور ضروریات کے مطابق ان طریقۂ کار کو اپنانا۔
یہ تربیتی ماسٹر کلاس انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ اور فیکٹوگراف کے اشتراک سے تیار کردہ مواد اور 40 سے زائد نیوز رومز کے تجربات پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد ایڈیٹرز، نیوز روم مینیجرز اور قارئین و ناظرین سے رابطے کے ذمہ داران کو ایسے قابلِ عمل طریقۂ کار سے آگاہ کرنا ہے جن کے ذریعے صحافیوں کو آن لائن بدسلوکی سے تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صحافتی اداروں کی ساکھ بھی برقرار رکھی جا سکے۔

صدر رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان احسان احمد سحر آر ایم این پی بہاولپور شعبہ خواتین کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ہما قاسم کو انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ کا سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں
رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان شعبۂ خواتین بہاولپور کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سیدہ ہما قاسم نے آئی پی آئی کی ٹیم اور شرکاء کے لیے خیرمقدمی کلمات ادا کیے۔ ورکشاپ کے اختتام پر صدر رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان اور بانی جرنلسٹس الائنس پاکستان (جے اے پی) احسان احمد سحر اور چیئرمین اسٹیئرنگ کمیٹی جے اے پی، رورل و ٹاؤن پریس کلبز جنوبی پنجاب چیپٹر محمد سلیمان فاروقی نے 28مرد صحافیوں اور خواتین لکھاریوں میں انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
احسان احمد سحر کا آئی پی آئی کی قیادت سے اظہار تشکر
ورکشاپ کے انعقاد پر صدر رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان احسان احمد سحر نے انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسکاٹ گرفن، آئی پی آئی کی ممبرشپ اینڈ انگیجمنٹ مینیجر گریس لنٹزر اور شعبۂ ڈیجیٹل میڈیا اینڈ آن لائن سیفٹی کے سربراہ جیویر لوکے کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے درخواست پر احمد پور شرقیہ میں صحافیوں کے لیے اس خصوصی تربیتی سیشن کے انعقاد اور جنوبی پنجاب کے صحافیوں کو جدید تربیت سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنے پر آئی پی آئی کی قیادت اور متعلقہ ٹیم کے تعاون کو سراہا۔
ورکشاپ کے بعد ڈاکٹر سیدہ ہما قاسم واپس بہاولپور روانہ ہوگئیں، جبکہ احسان احمد سحر، روزنامہ نوائے احمدپورشرقیہ کی ٹیم اور جے اے پی کے رہنما 27 اکتوبر کو اوچ شریف میں منعقد ہونے والی جے اے پی رورل و ٹاؤن پریس کلبز جنوبی پنجاب چیپٹر کی نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب کے انتظامات میں مصروف رہے۔

