کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور کا ڈویژن بھر کے انتظامی افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس

بہاول پور:16/فروری : کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے ڈویژن بھر کے انتظامی افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیئ وقت اور دیگر انتظامی امور احسن انداز سے انجام دئیے جائیں اور عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتظامی افسران تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت تکمیل کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہئ صحت اور تعلیم کو فوقیت دی جائے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے ہدایت کی کہ تمام ملحقہ اضلاع اپنے شہروں کی بہتری کے لیے منصوبہ بندی کریں۔ تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی، شجرکاری کے فروغ، ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے اقدامات، نکاسیئ آب کے منصوبوں کی تعمیر و مرمت اوردیگر شہری سہولیات کو مزید مؤثربنانے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مزید بہتری لائی جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان شکیل احمد بھٹی، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر سلمان خان لودھی، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان اور ڈویژن بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت انتظامی افسران شریک ہوئے۔