عارف عزیز شیخ ، حسن عسکری شیخ اور مہر محمد صدیق کی کسانوں کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو

چنی گوٹھ (نامہ نگار)سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ ، ترقی پسند کاشتکار حسن عسکری شیخ اور سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق نے کسانوں کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب نے زراعت کے شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ پاکستان کا زرعی شعبہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے اور جی ڈی پی میں اضافہ کے لحاظ سے یہ ہماری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی مانا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے اس شعبے پر بہت منفی اثرات ڈالے ہیں ۔ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے باعث ملک کو فوڈ سیکیورٹی کا خطرہ لاحق ہے ۔ خوراک کی قلت سے بچنے اور زراعت کے اس اہم شعبے کو دوبارہ پٹڑی پر لانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کے نقصانات کو پورا کرنے کے لئے خصوصی مراعات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو اجناس کی خریداری کے لئے اہم کردار ادا کرے کسانوں کو ان کی اجناس کا بہتر معاوضہ دیا جائے۔ کھادوں ، زرعی ادویات اور ڈیزل کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز کو گنے کی خریداری اور بروقت ادائیگی کا پابند کیا جائے۔