اسلامیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام زراعت میں جدت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دوسری بین الاقوامی کانفرنس
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام زراعت میں جدت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے لیے لیے دوسری بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا افتتاح وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کیا۔ کانفرنس میں چین، امریکہ، ترکی، متحدہ عرب امارت، برطانیہ، برازیل، کینیڈا، جرمنی، بلجیم اور پاکستان کی مختلف جامعات اور اداروں سے مندوبین نے شرکت کی۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں تحقیقی کام کے باعث ملک کی اولین یونیورسٹی بن چکی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کپاس کے ایسے بیج تیار کیے جو ان تمام عوامل میں کامیاب ہیں یہی وجہ ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی کپاس کی اقسام پاکستان کے 40فیصد زیر کاشت رقبے پر کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح مکئی اور سویابین کی مخلوط کاشت کا منصوبہ چینی جامعات کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے جس کے باعث پولٹری فیڈ اور خوردنی تیل کی درآمد میں اربوں روپے کے زرمبادلہ کی بچت ہو سکے گی۔ اسی طرح چولستان میں بارش کے اضافے کے پراجیکٹ کے ذریعے 7لاکھ ایکٹر رقبے کو پاکستان کی فروٹ باسکٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا کنسورشیم برائے موسمیاتی تبدیلی 60جامعات اور اداروں کی شرکت کے باعث قومی اور بین الاقوامی سطح پر موثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر نوید نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں کانفرنس کے انعقاد اور ملکی و غیر ملکی مندوبین کی شرکت کو سراہااور یونیورسٹی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل نے کہا کہ زرعی فیکلٹی کسان کمیونٹی کو اپنی جدید ترین تحقیق کے ذریعے مستفید کر رہی ہے۔ ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سائنسز اور کانفرنس پیٹرن پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے خطبہ استقبالیہ میں وائس چانسلر اور دیگر اہم قومی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اہم ترین موضوعات پر سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد سے اعلیٰ درجے کی جامعہ بن چکی ہے۔ کانفرنس میں شریک اہم ملکی اور غیر ملکی ماہرین میں ڈاکٹر زاؤہی لن، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سنٹر فار کلائمیٹ چینج اینڈ انوائرمنٹ سائنسز چائینہ،ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر پنجاب، عرفان طارق، سابق ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر شوکت علی، گلوبل چینج سٹڈی سنٹر اسلام آباد، ساجد اقبال، ڈاکٹر محمد عدیل، ڈاکٹر محمد اظہر احسن، انٹرنیشنل سنٹر فار کلائمیٹ اینڈ سوسائٹی امریکہ، پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ، ڈاکٹر طاہر حسین اعوان پنجاب ایگریکلچر، ریسرچ بورڈ لاہور، ڈاکٹر نریش مگن، ڈاکٹر مشیل سیموئزریبوٹا، فرٹزبوہملر، پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھاچیئرمین شعبہ سوشل ورک، ڈاکٹر عابد گل چیئرمین شعبہ معاشیات اورشہزاد احمد خالد ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلیکیشنز نے شرکت کی۔کانفرنس کے فوکل پرسن ڈاکٹر واجد نسیم جتوئی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبو ب کی خصوصی سرپرستی اور ملکی و غیر ملکی مندوبین کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پو راور انٹرنیشنل سنٹر فار کلائمیٹ اینڈ سوسائٹی، کولمبیا یونیورسٹی امریکہ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے