Advertisements

انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی فیسٹیول

Jeeps in rally
Advertisements

ڈاکٹر ناصر حمید

پاکستان میں سیر و سیاحت کے کئی حسین و جمیل مراکز تاریخی مقامات کی صورت میں جس طرح اہل علم اور ملکی و غیرملکی شائقین کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں،اسی طرح خطہ ئ پاک میں سابقہ ریاست بہاولپور کا وسیع وعریض حصہ روہی چولستان بھی سیاحوں کی آمد کا منتظر اور دعوت نظارہ دے رہا ہے۔ سچ یہ ہے کہ یہ سرزمین سچے جذبوں، پرخلوص محبت اور ملنسار لوگوں کی دھرتی ہے۔ یہاں کی سچی روایات اور شاندار ثقافت اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اپنی موجودگی کا احساس دلاتی نظر آتی ہیں اور اس کے باعث پیدا ہونے والا ارتعاش دلوں کو موہ لیتا ہے۔اس وسیب میں جہاں بہت سے تاریخی مقامات خوبصورت قلعوں کی صورت میں موجود ہیں،گذشتہ سترہ سالوں سے دامن بہاول پور میں ایک اور خوبصورت تفریح کا اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی بھی سرائیکی وسیب میں موسم بہار کی آمد پر میلوں ٹھیلوں اور ثقافتی اکٹھ کے ذریعے خوشیاں بکھیرنے کا سبب ہے۔چولستان ڈیزرٹ ریلی بہاولپور کی پہچان بن چکی ہے۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی صرف ایک موٹر سپورٹس نہیں بلکہ پاکستان کے بہترین سافٹ امیج میں اضافہ کا بھی ایک ذریعہ ہے۔ اس ریلی نے خطہ کے زرخیزکلچر، پرامن اور صلح جو سوسائٹی کا بھی مثبت چہرہ دنیا کو دکھانے میں ایک عمدہ کردار ادا کیا ہے۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے ٹی ڈی سی پی کے ساتھ بہاول پور انتظامیہ، پولیس و سیکورٹی ادارے، فور بائی فور کلب اور دیگر تمام محکمہ جات کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

Advertisements
Jeep Rally

چولستان جیپ ریلی اٹھارہ سال قبل انتہائی نامناسب حالات میں شروع کی گئی جو ترقی کرتے کرتے اب پاکستان کا جیپ ریلی کے حوالے سے سب سے بڑا ایونٹ بن چکا ہے اورنہ صرف ملک بھر بلکہ بیرون ممالک سے ریلی لوورز شرکت کرتے ہیں۔2005ء میں چولستان جیپ ریلی کا بنیادی طور پر آئیڈیا ”ڈاکار ریلی“ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ صحرا ئے چولستان کو موٹرز سپورٹس ایونٹ کے لیے استعمال کیا جائے۔ پھر ہر سال جیپ ریلی کے ایونٹس میں اضافہ کیاجاتا رہا ہے جس میں نیزہ بازی، اونٹوں کی دوڑ، کشتی، کبڈی کے مقابلے شامل کیے گئے اور میوزک شو،سٹی پریڈ،اونٹوں اور گھوڑوں کا رقص کے علاوہ فوڈ سٹریٹ شامل ہیں۔ اس ریلی کے انعقاد سے بلاشبہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع ملے۔ دستکاری کی صنعت کو فروغ حاصل ہوا اور علاقہ میں ترقی اور خوشحالی کے اسباب پیداہوئے ہیں۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی اتحادویگانگت کی بہترین مثال ہے۔

Jeep rally

کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اسے فیسٹیول کا رنگ دیا ہے،اس لیے امسال اٹھارویں ڈیزرٹ جیپ ریلی کے موقع پر ریلی کے ساتھ ساتھ ڈویژنل و ملحقہ تینوں اضلاع کی انتظامیہ نے شائقین کے لیے پورا ہفتہ ثقافتی تقریبات منعقد کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ صحرائے چولستان میں ریلی کی مرد و خواتین علیحدہ علیحدہ ریس کیٹگریز، ڈرٹ بائیک ریس، فوڈ سٹریٹ، مقامی ہینڈی کرافٹس بازار، پیرا گلائیڈنگ شو، اونٹ کی سواری، میوزیکل نائٹ، چیمبرز آف کامرس کے نمائشی سٹالز، گھڑسواری و نیزہ بازی، کبڈی، میراتھن ریس، و دیگر سپورٹس کے مقابلہ جات سمیت اونٹ ڈانس و چولستانی مویشیوں کی نمائش شامل ہیں۔ اس ریلی کی تقریبات کے سلسلہ میں کنڈاوالا پُل سے قلعہ ڈیراور کے مقام تک سائیکل ریس منعقد کی گئی جس میں خواتین سمیت 30سے زائد سائیکلسٹ نے شرکت کی۔

Commissioner Bahawalpur

بہاول پور کے تینوں اضلاع میں اس ہفتہ کے دوران شہر میں شائقین کے لیے کلچرل فیسٹیول کا اہتمام بھی کیا جائے گا جہاں بڑی سکرین پر لائیو جیپ ریلی کی نشریات، فوڈ سٹریٹ کا قیام، چراغاں و آتش بازی، آرٹس کونسل میں خصوصی ڈرامہ، محفل سماع و محفل مشاعرہ کا انعقاد، ہاکی وکرکٹ کے نمائشی میچز کا انعقاد، میوزیکل نائٹ اور مقامی صنعت و دستکاری کے سٹالز سجائے جائیں گے۔ یہ خطہ اپنے پْر شِکوہ ماضی، درخشندہ روایات اورامن پسندی کی وجہ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔یہاں کے تاریخی محل اور صدیوں پرانے قلعے سیاحوں کی دلچسپی کا محور ہیں۔اس خطہ اور بالخصوص چولستان کے باشندے نہایت مہمان نواز، مددگار اور صلح جْو ہیں۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد سے مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔ چولستان میں مقامی افراد کے عارضی بازار قائم کیے جاتے ہیں جہاں نہایت مناسب نرخ پر تمام اشیاء ضروریہ دستیاب ہوتی ہیں۔ڈویژنل وضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ملکی سکیورٹی ادارے انتظامات میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر کے ہمیشہ اس ریلی کے بہترین انعقاد کو یقینی بناتے ہیں۔کمشنر بہاول پورڈویژن راجہ جہانگیر انور نے اس خطہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریلی میں آئے ہوئے شرکاء، شائقین اور سیاحوں کا ہمیشہ کی طرح مہمان نوازی اور فراخ دلی کے ساتھ خیال رکھیں اور اس میگا ایونٹ کے شاندار انعقاد کو یقینی بنائیں۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ہر دلعزیز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے چولستان ڈیزرٹ ریلی فیسٹیول میں جامعہ کی طرف سے فوڈ کورٹ، چولستانی موسیقی، زرعی اور وٹرنری ریسرچ نمائش، یونیورسٹی آرٹ نمائش اور ہینڈی کرافٹ نمائش کا اہتمام کیا ہے جو شائقین کی دلچسپی کا محور ہوگا۔

VC IUB

چولستا ن ڈیزرٹ جیپ ریلی عالمی سپورٹس گالا کے طور پر دنیا بھر میں پاکستان کی سپورٹس کے میدان میں عزت و وقار میں اضافے کے لیے کلیدی رول ادا کررہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس جیپ ریلی میں قومی ڈرائیورز کے ساتھ ساتھ عالمی شہرت یافتہ ڈرائیورز کی شرکت سے پاکستانی کلچر اور تہذیب کے سافٹ امیج کو ابھارنے میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔ڈیرزٹ جیپ ریلی کی بدولت پاکستان کا سافٹ امیج سیاحت کے شعبے میں نہ صرف پاک وطن کی رینکنگ میں اضافہ کررہا ہے بلکہ پاکستانی ریاست کی بطور پرامن ملک امیج کو ابھارکر عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ بھی مبذول کرانے میں معاون ثابت ہورہا ہے۔ 18 ویں جیپ ریلی کے انعقاد کے لیے کمشنر بہاول پورراجہ جہانگیر انور کی نگرانی میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی شبانہ روز محنتیں اس سپورٹس گالا کی کامیابی، کامرانی کو یقینی بنا کر وطن عزیز کا نام روشن و تابندہ کریں گی۔ ہر سال لاکھوں شائقین مختلف دلچسپ ثقافتی پروگراموں اور شاندار تفریح سے لطف اندوز ہوتے ہیں اورچولستانی رات کی چاندنی اور صحرائی خنکی میں ثقافتی و دیگر تفریحی پروگراموں کی یادیں دل کی سلیٹ پر کندہ کرکے خوشی و مسرت کے لمحوں کے ساتھ واپس لوٹ جاتے ہیں۔

Deputy Commissioner Bahawalpur