ایس ایچ او اوچشریف ملک محمد صدیق ڈھڈی کی قیادت میں پولیس ان ایکشن اسلحہ، منشیات اور شراب کی بھاری کھیپ بر آمد ملزمان گرفتار
ڈی پی او عبد الوہاب کی ہدایت پر شروع کی گئی انسداد منشیات مہم میں طارق گجر نامی منشیات فروش کو دھر لیا گیا اور 1510 گرام چرس برآمد کر لی گئی
اوچشریف پولیس نے ایک دوسرے چھا پے میں دیگر دو ملزمان عبد الرحیم عرف علی بابا اور حسین خالد کو گرفتار کر کے آٹھ بوتلیں ولائتی شراب برآمد کر لیں، ایس ایچ او کے اوچشریف پریس اینڈ میڈیا کلب رجسٹرڈ کے میڈیا فورم میں انکشافات
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اوچ شریف پولیس کا سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی بھاری مقدار قبضے لے لی گئی، متعدد ملزمان گرفتار، تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بہاول پور رانا عبدالوہاب کی ہدایات پر جرائم کے خاتمے اور سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کے لیے اوچ شریف پولیس نے خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف انسپکٹر ملک محمد صدیق ڈھڈی کی سربراہی میں سب انسپکٹر محمد رمضان، اے ایس آئی محمد آصف اور دیگر پولیس اہل کاروں پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے مختلف علاقوں میں کاروائیوں کے دوران اسلحہ، منشیات اور شراب کی بھاری کھیپ قبضے میں لے کر متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او ملک محمد صدیق ڈھڈی نے اوچ شریف پریس اینڈ میڈیا کلب(رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام میڈیا فورم میں صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کی ان کارروائیوں کے دوران موضع بکھری میں ملزم اقبال عرف بھوری کو غیر قانونی کلاشنکوف جب کہ احمد رند کو 30 بور پستول رکھنے پر گرفتار کر کے اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات مہم بدنام زمانہ منشیات فروش طارق عرف طاری گجر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1510 گرام چرس برآمد کر لی گئی، جب کہ عبدالرحیم عرف علی بابا اور حسین خالد کو چار چار بوتلیں ولایتی شراب سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف نے بتایا کہ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن رہے گا۔

