بہاول پور:22/جون : کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے بغیر پروٹوکول عام شہری کی طرح بہاول پور چڑیا گھر کا تفصیلی معائنہ کیا اور چڑیا گھر کی خراب حالت زار پر کیوریٹر بہاول پور چڑیا گھر ڈاکٹر طارق محمود کو خدمات سے سبکدوش کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری کو پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کی سفارش کر دی جس پر صوبائی سیکرٹری نے مذکورہ افسر کو معطل کرتے ہوئے پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت کاروائی کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے بھیس بدل کر عام شہری کی طرح ٹکٹ خرید کر بہاول پورچڑیا گھر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ بہاول پور چڑیا گھر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، جانوروں اور پرندوں کے لئے ناموزوں ماحول، غیر تسلی بخش خوراک اور گندہ و تعفن زدہ پانی کی فراہمی کی وجہ سے جانوروں و پرندوں کی صحت متاثر تھی۔ اسی طرح پبلک ٹوائلٹس میں صفائی کی بری حالت کے ساتھ ساتھ اوور چارجنگ بھی کی جا رہی تھی جس پر ایکشن لیتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کیوریٹر بہاول پور چڑیا گھر کو فرائض سے غفلت برتنے، کرپشن اور قومی اثاثہ کو نقصان پہنچانے کا موجب گردانتے ہوئے خدمات سے سبکدوش کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری کو پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کے لئے مراسلہ جاری کر دیا۔