وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائمز ونگ میں ہیلی کاپٹر حادثے سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے سے متعلق انکوائری رجسٹرڈ کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈی جی سائبرکرائمز محمد جعفر کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کر دی گئی ہے۔
تحقیقاتی ٹیم میں ڈائریکٹر آپریشنز وقار چوہان، ایڈیشنل ڈائریکٹرایاز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرعمران حیدر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی ہے۔