چنی گوٹھ مہنگائی کا طوفان بے قابو، غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان
اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخ نامے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
چنی گوٹھ (نامہ نگار) مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ بجلی اور گیس کے بھاری بھرکم بلوں نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی، جبکہ دالیں، سبزیاں، گھی، خوردنی تیل، آٹا اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور محدود آمدن میں گھر کے اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ ضروری اشیاء کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث غریب خاندانوں کو دو وقت کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔شہری حلقوں نے حکومت سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لائےاور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخ نامے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

