بھارت نے8 لاکھ کیوسک کا ایک اور ریلا چھوڑ دیا

لاہور: بھارتی آبی جارحیت جاری ہے، بھارت نے ایک اور بڑا سیلابی ریلا چھوڑ دیا، پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کو مزید خطرہ بڑھ گیا، 8 لاکھ کیوسک پانی کا بڑا سیلابی ریلا سلال ڈیم سے چھوڑا گیا، بھارت نے سلال ڈیم کے سارے گیٹ کھول دیے ہیں، بھارت سے آنے والا سیلابی ریلا 2 روز بعد ہیڈ مرالہ پہنچ جائےگا۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ،وزیرآباد ،سمبڑیال ،گجرات ،ہیڈ مرالہ ،خانکی سے ملحقہ علاقوں میں شہریوں کے انخلا کے لیے اعلانات کیے جا رہے ہیں، اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ 2 ستمبر کو پہنچنے والا 8 آٹھ کیوسک کا ریلا پہلے سے موجود پانی کےساتھ مل کر مزید مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش نے سیلاب میں ڈوبے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جس سے پانی جھنگ، ملتان، چیچہ وطنی اور وہاڑی میں تباہی مچانے لگا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا نے کہا ہے کہ اس وقت پنجاب سے تاریخ کا سب سے بڑا سیلابی ریلا گزار رہا ہے جس سے اگلے 24 گھنٹوں میں ملتان اور خانیوال سمیت مختلف اضلاع کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔