بھارت نے پاکستان کو ہراکر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی
ڈھاکا میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-4 سے ہرادیا، پانچ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں پاکستان چوتھے نمبر پر رہا۔
کھیل کے ابتدا میں بھارت کے ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر پر گول کیا، کچھ ہی دیرمیں پاکستان کے افراز نے اسکور برابر کردیا۔
پہلا کوارٹر ختم ہونے تک کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کرسکی، دوسرے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے لیکن گول نہ ہوسکا۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے عبدالرانا نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، اس موقع پرپاکستان کے گول کیپر مظہرعباس نے کئی یقینی گول بچائے، کھیل کے فائنل کوارٹر میں زبردست مقابلہ ہوا اور مجموعی طور پر تین گول اسکور ہوئے۔
بھارت کے آکاش دیپ سنگھ نے یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلادی، لیکن یہاں بھی قومی ٹیم نے ہمت نہیں ہاری اور اختتامی لمحات میں پاکستان کے احمد ندیم نے گول کرکے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔
پاکستانی ٹیم نے کوریا کی طرح بھارت کے خلاف اس میچ میں بھی کافی رف کھیل پیش کیا۔