چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی، بھارتی میڈیا
رپورٹ کے مطابق بھارت اپنے میچز تیسرے مقام (نیوٹرل وینیو) پر کھیلے گا۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت 2027 تک بھارت پاکستان کا دورہ نہیں کرے گا جبکہ پاکستان بھی اس دوران بھارت میں اپنا کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کا حتمی اعلان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 7 دسمبر کو ہوگا
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پرپاکستان کرکٹ بورڈ کا مطالبہ تسلیم کرلیا ہے اور معاملات طے پاگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنزٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہی ہوگی۔چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ3 سال تک پاکستان، بھارت ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق2027 تک پاکستان بھی بھارت میں آئی سی سی ایونٹس کے میچ نہیں کھیلے گا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے بھارت اورسری لنکا مشترکہ میزبان ہیں، اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی رضامندی کی صورت میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملات اگلے 24 سے 48 گھنٹےمیں باضابطہ طور پر طے ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نےہی چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کیا تھا جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے ۔ فارمولے میں کہا گیا تھا کہ بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔ بھارتی میڈیاکے دعوے پر آئی سی سی ، بی سی سی آئی اور پی سی بی کا کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔ سینئر صحافی سلیم خالق کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ کچھ چیزیں حل طلب ہیں، بدستور کچھ چیزوں کو مانا نہیں گیا تاہم دو روز میں معاملہ کلیئر ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کی میٹنگ منسوخ ہونے کے بعد جے شاہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں معاملات طے پائے ہیں