اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پاکستان کی آزادی کی 75سالہ تقریبات کے سلسلے میں سیمینار

Independence day seminar at Islamia University Bahawalpur

یونیورسٹی طلباء وطالبات کا تیار کردہ خصوصی ملی نغمہ بھی لانچ کیا گیا

کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیرانور نے کہا ہے کہ آزادی ایک نعمت ہے اور پاکستان تحفہ خداوندی ہے۔ بطور عام شہری ہم سب اپنی سطح پر اس ملک کی ترقی اور بھلائی کے لئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس خطہ کا عظیم اثاثہ ہے جو علاقے کی تعلیمی ترقی میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ کمشنر بہاول پور نے ان خیالات کا اظہار آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پاکستان کی آزادی کی 75سالہ تقریبات کے سلسلے میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ہمراہ سینٹرل ایڈمیشن آفس کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر نظریہ پاکستان سوسائٹی ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیرء کی جانب سے یونیورسٹی طلباء وطالبات کا تیار کردہ خصوصی ملی نغمہ بھی لانچ کیا گیا۔راجہ جہانگیر انور نے اساتذہ اور طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مثبت اور پرامید سوچ کے ساتھ پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے کام کرنا ہے۔ ایک عام شہری کے طور پر ہم ایسے کام سرانجام دے سکتے ہیں جو دوررس نتائج کے حامل ہیں۔عام آدمی ملک کی ترقی میں اعلیٰ اخلاقی اقدار، صفائی اور ستھرائی اور شجرکاری کے ذریعے فعال اندا زمیں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان کے حوالے سے مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جاتی ہے جب کہ حقیقت تو یہ ہے کہ پاکستان کی 75سالہ کامیابیاں زیادہ ہیں۔ ہم نے بطور قوم 75برسوں میں بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور آج کا پاکستان ہر لحاظ سے دنیا کے اہم ترین ملکوں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن پاکستان کے مرکز میں واقع ہے او رملکی کپاس کی پیداوار کا 52فیصد، گندم کا 17فیصد،گنے کا 28فیصد خطہ بہاول پور میں ہی پیدا ہوتا ہے۔آم کی پیداوار اور ملک کے زرعی رقبے کے لحاظ سے بھی بہاول پور تیسرے نمبر پر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور اور عام شہریوں کے تعاون سے 34لاکھ درخت لگائے جائیں گے اور بہاول پور کے درجہ حرارات کو 2 ڈگری کم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی قیادت میں یونیورسٹی بھرپور انداز میں ترقی کر رہی ہے شہر کی خوبصورتی تعمیری سرگرمیوں اور دیگر اہم امور میں ضلعی انتظامیہ کو یونیورسٹی کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ سیمینار سے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، ڈین فیکلٹی آف لاء وچیئر مین شعبہ پاکستان سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی، چیئر مین شعبہ سیاسیات، پروفیسر ڈاکٹر مصور حسین بخاری، ڈاکٹر سرفراز بتول اور نصیر احمد ناصر نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل کمشنر بہاول پور نے وائس چانسلر کے ہمراہ مرکزی داخلہ مہم کا جائزہ لیا اور گھوٹوی ہال و سینٹرل ایڈمیشن آفس میں آئے ہوئے پہلی میرٹ لسٹ میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جدید ترین ایڈمیشن پورٹل اور ون ونڈو ایڈمیشن کی دیگر سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی رضوان مجید نے بتایا کہ بہترین داخلہ سہولیات کے باعث اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں طلباء وطالبات کی تعداد 13ہزار سے بڑھ کر57ہزار ہو چکی ہے اور حالیہ داخلہ مہم میں 15سے 17ہزار نئے داخلے فراہم کئے جائیں گے۔ 

مزید پڑھیں