Advertisements

جامعہ قاسمیہ میں پیر سید محمد شاہ جرار کی میزبانی میں جشن ازادی کی شاندار تقریب

Independence Day Ceremony at Qasmia Jamia
Advertisements

چنی گوٹھ (نامہ نگار)یوم آزادی کا لفظ زبان سے ادا ہوتے ہی تحریک پاکستان کے ولولہ انگیز دور کی یاد تازہ ہو جاتی ہے، خوشیوں کے گلاب مہکنے لگتے ہیں یادوں کا قافلہ سفر کرنے لگتا ہے اور پھر وہ زمانہ تصور میں ابھرنے لگتا ہے جب برصغیر کے مسلمان اپنے عزم و حوصلہ سے اپنے مستقبل کی عمارت تعمیر کر رہے تھے۔ وہ دور مسلمانوں کیلئے بے پناہ کٹھن اور مشکل تھا۔ ایک طرف انگریز تھا جو یہاں ہزاروں برس حکومت کرنے کے منصوبے بنا رہا تھا اور دوسری طرف وہ دشمن تھا جو مسلمانوں سے اپنی سینکڑوں برس کی غلامی کا بدلہ چکانے کی سوچ رہا تھا۔ ان خیالات کا اظہار جامع قاسمیہ میں معروف روحانی شخصیت پیر سید محمد شاہ جرار کی میزبانی میں میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء الحق شہزاد ، سول سوسائٹی اوچشریف کے صدر عمر خورشید سہمن ، سابق جنرل سیکرٹری بار احمد پور شرقیہ ملک مجیب الرحمٰن مڑل ، پیسٹی سائیڈ یونین چنی گوٹھ کے صدر رانا ساجد غفار ، شفیق شہزاد خان ، مولانا راشد فاروقی جبکہ شاہد بشیر چوہدری نے بھی بطور مہمان خصوصی پروگرام میں شرکت کی ، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ
چاروں طرف مسلم دشمنی کی تاریکیاں چھائی ہوئی تھیں۔ اس نازک دور میں قائد اعظم محمد علی جناح آزادی کے سورج کی علامت بن کر ابھرے۔ آزادی کا وہ سورج جس نے دیکھتے ہی دیکھتے غلامی کی تاریکیوں کا طلسم توڑ دیا اور آزادی کی روشنی سے ماحول جگمگانے لگا۔ قائد اعظم کی قیادت بلاشبہ قدرت کا بہت بڑا انعام تھی۔ وہ قائد جس نے باطل کے سامنے جھکنا نہیں بلکہ جھکانا سیکھا تھا۔ وہ قائد جس کے لوہے نے ہر لوہے کو کاٹا
تحریک پاکستان کی اصل قوت دو قومی نظریہ اسلام تھی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا تھا اور فضائیں ”پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ” کے پر جوش نعروں سے گونج رہی تھیں۔ یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ یہی نظریہ اسلام پاکستان کی حقیقی بنیاد ہے۔ اسلئے اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ہر لحاظ سے سربلند اور خوشحال ہو تو ہمیں اسکی نظریاتی بنیادوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ اسلام اس ملک کا مقدر بھی ہے اور اسکے تابندہ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔۔ قبل ازیں مدرسے کے طلباء نے طلاوت کلام پاک ، حمد و نعت شریف ، ملی نغمے اور دیگر شو پیش کئے ، پروگرام کے میزبان پیر سید محمد شاہ جرار نے اعلان کیا کہ القرآن ایجوکیشن فاؤنڈیشن رجسٹرڈ بہاولپور کی جانب سے دو سو پودے لگائے جائیں گے ، پروگرام میں سید احسن بخاری ، مکی خانزادہ ، مدنی خانزادہ ، محمد عمیر سنی اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔ آخر میں پیر سید محمد شاہ جرار نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے چنی گوٹھ چکر تا ختم نبوت چوک تک ریلی نکالی گئی اور مرکزی درس عید گاہ چنی گوٹھ سٹیشن پر شہدا کے لئے قرآن خوانی کرائی گئی جبکہ مفتی عبدالخالق اور مفتی آفتاب خالق نے دعا کرائی ۔