حکومت کا کسانوں کونئے سال کا تحفہ ، یوریا کھاد کے نرخوں میں ایک سو نوے روپے فی بوری اضافہ
احمدپورشرقیہ ( نامہ نگار) حکومت کا کسانوں کونئے سال کا تحفہ ، یوریا کھا د کے نرخوں میں ایک سو نوے روپے فی بوری اضافہ کردیا گیا۔ تفصیل کے مطابق کھاد کمپنیوں نے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی یوریا کھاد کے نرخوں میں ایک سو نوے روپے فی بوری اضافہ کردیا ہے ۔ اور یور یا کا سیل ریٹ 2250 سے بڑھ کر 2440 روپے ہوگیا ہے۔ یور یا کھاد کے نرخوں میں اضافہ سے کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کسان بورڈ کے تحصیل صدر فیاض احمد خان بلوچ، اور نائب صدر جام اللہ ڈتہ گھنیہ، نے بتایا کہ اس وقت گند م کی فصل کو یوریا کی اشد ضرورت ہے۔ کھا د کمپنیوں نے یوریا کے نرخوں میں اضافہ کرکے کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا نرخوں میں اضافہ سے پیداواری اخراجات کاشتکاروں کے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔ انہوں نے حکومت سے فی الفور یوریا کھاد کے نرخوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔